انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

پاکستان، بنگلہ دیش کے مسلمان ایک قوت، جماعت اور امت ہیں :مولانا فضل الرحمان

آپ پیدل ہماری طرف آئینگے تو ہم دوڑ کر آئینگے، محبت کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا، ڈھاکہ میں بین الاقوامی ختم نبوتؐ کانفرنس سے خطاب

ڈھاکہ، لاہور ( ویب ڈیسک) سربراہ جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے مسلمان ایک قوت اور ایک جماعت اور ایک ہی امت ہیں۔
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ہونے والی بین الاقوامی ختمِ نبوتؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تحریک کسی تشدد کا نہیں بلکہ جدوجہد کے تسلسل کا نام ہے، برصغیر کے مسلمان اور تمام مکاتب فکر کے علماء متفق ہیں کہ رسولؐ اللہ کے بعد کوئی نبی نہیں آسکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ نبوت کا دعویٰ کرنے والا دائرہ اسلام سے خارج تصور کیا جائے گا۔
ہم پاکستان سے خیر سگالی کا پیغام لیکر آئے ہیں اور بنگلہ دیش سے خیر سگالی کا پیغام لے کر جائیں گے۔ سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے لوگ تحریکی مزاج رکھتے اور اپنے مقصد کی طرف سیلاب کی طرح آگے بڑھتے ہیں، دو برادر اسلامی ممالک مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کے خواہش مند ہیں اور اس راستے میں ہمارے قدم آگے بڑھیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر آپ پیدل ہماری طرف آئیں گے تو ہم دوڑ کر آپ کی طرف آئیں گے، محبت کا یہ رشتہ مزید مضبوط ہوگا، اور بہت مضبوط ہوگا، دو بھائیوں کے اپنے گھر میں جائیداد تقسیم کرنے سے ان کے بھائی چارے میں کوئی فرق نہیں آتا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے مسلمان ایک قوت اور ایک جماعت اور ایک ہی امت ہے، آج کا یہ اجتماع دونوں ملکوں کے درمیان بہتر، مضبوط اور مستحکم تعلقات کا سبب بنے گا۔ دوسری جانب مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی ( ف) کی مرکزی مجلس شوریٰ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
مرکزی مجلس شوریٰ کا ہنگامی اجلاس 23نومبر کو طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں 27ویں آئینی ترمیم اور دیگر قانون سازی کے اثرات پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں دینی مدارس کی رجسٹریشن اور حکومت رویے پر بھی غور کیا جائے گا، اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button