آئینی عدالت بننے سے جوڈیشل مداخلت کا دروازہ بند: احسن اقبال
عدالت کا قیام عدلیہ پر حملہ نہیں عدالتی نظام کی مضبوطی ہے ، میڈیا سے گفتگو
نارووال(ویب ڈیسک) وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئینی عدالت بننے سے جوڈیشل مداخلت کا دروازہ بند ہوگیا ہے، آئینی عدالت سے سپریم کورٹ اب اپنے اصل کام پر توجہ دے سکے گی۔
نارووال میں جدید پتھالوجی یونٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم میثاقِ جمہوریت کی شق پر عملدرآمد ہے۔ انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت پر ن لیگ اور پی پی پی سمیت تمام جماعتوں نے دستخط کیے تھے۔
پی ٹی آئی نے بھی چارٹر آف ڈیموکریسی کی توثیق کی تھی۔ وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ آئینی عدالت کا قیام عدلیہ پر حملہ نہیں بلکہ عدالتی نظام کی مضبوطی ہے، چارٹر آف ڈیموکریسی میں واضح طور پر آئینی کورٹ کے قیام کی شق شامل تھی۔
احسن اقبال نے کہا کہ آئینی عدالت بننے سے جوڈیشل مداخلت کا دروازہ بند ہوگیا ہے، آئینی عدالت سے سپریم کورٹ اب اپنے اصل کام پر توجہ دے سکے گی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں برسوں سے رکے کیسز کی جلد ڈسپوزل ممکن ہو سکے گی۔



