شاہ عبداللہ دوم کا دورہ، پاکستان، اردن کے درمیان کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات، دونوں رہنمائوں کا غزہ امن معاہدے کے حوالے سے 8عرب اسلامی ممالک کے درمیان روابط بڑھانے پر اتفاق، سٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) اردن کی شاہ عبد اللہ 2روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم کی ملاقات ہوئی ہے۔
اسلام آباد میں شاہ عبداللہ دوم اور وزیر اعظم کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور اردن کے درمیان سٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کا عزم دُہرایا اور علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
شاہ عبداللہ نے غزہ تنازع اور جنگ کے بعد استحکام کی کوششوں میں اردن کے کردار کیلئے پاکستان کی حمایت کی تعریف کی اور دونوں رہنمائوں نے غزہ کے حوالے سے پاکستان اور اردن کے اصولی موقف کو اجاگر کیا۔
دونوں رہنمائوں نے غزہ امن معاہدے کے حوالے سے 8عرب اسلامی ممالک کے درمیان روابط مزید بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ وزیراعظم نے شاہ عبداللہ کو افغانستان اور بھارت کے ساتھ معاملات سے بھی آگاہ کیا۔
شاہ عبداللہ نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں پاکستان کے کلیدی کردار کو تسلیم کیا۔ بعد ازاں پاکستان اور اردن کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم بھی شریک ہوئے۔
دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، ثقافت، تعلیم کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے شاہ عبداللہ اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا۔
قبل ازیں وزیر اعظم کی دعوت پر اردن کے شاہ عبداللہ دوم اپنے دو روزہ دورہ پر اسلام آباد پہنچے تو ہوائی اڈے پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے ان کا استقبال کیا۔
شاہ عبداللہ کو وزیر اعظم ہائوس لے جایا گیا جہاں استقبالیہ تقریب میں انہیں مسلح افواج کے دستوں سے گارڈ آف آنر پیش کیا، تقریب میں دونوں ممالک کی قومی ترانے کی دھنیں بھی بجائی گئیں، اِس موقع پر مہمان کو گارڈ کا معائنہ بھی کرایا گیا۔ اردن کے بادشاہ نے وزیراعظم ہائوس کے احاطے میں پودا لگایا اور اِس موقع پر دعا بھی مانگی۔



