انٹر نیشنلتازہ ترینجرم-وسزا

غزہ :اسرائیلی جارحیت ،105 فلسطینی شہید،356ز خمی

اسرائیل اور حماس کے جنگ بندی مذاکرات بے نتیجہ ختم، صدر ٹرمپ سے ملاقات کیلئے نیتن یاہو امر یکہ پہنچ گئے

غزہ ،واشنگٹن(ویب ڈیسک) اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 105 فلسطینی شہیداور356 زخمی جبکہ اسرائیل اور حماس کے جنگ بندی مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے۔ یومیہ اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں میں 105 شہدا اور 356زخمی لائے گئے۔

اب بھی متعدد افراد ملبے تلے اور سڑکوں پر موجود ہیں، جہاں تک امدادی اور شہری دفاع کی ٹیموں کی رسائی ممکن نہیں ہو سکی۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک مجموعی طور پر 57,523 فلسطینی شہید اور 136,617 زخمی ہو چکے ہیں۔ 18 مارچ 2025 سے اب تک کے عرصے میں 6,964 شہدا اور 24,576 زخمیوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔

علاوہ ازیں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اسرائیل اور فلسطینی تنظیم حماس کے درمیان جنگ بندی مذاکرات کا پہلا دور بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا ہے۔ مذاکرات میں اسرائیلی وفد شریک تو تھا، مگر حتمی معاہدے کے لیے ضروری اختیارات کے بغیر شرکت کی جس کے باعث بات چیت آگے نہیں بڑھ سکی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان حالیہ جنگ بندی مذاکرات دوحہ میں شروع ہوئے تھے، جہاں ابتدائی طور پر دونوں فریقوں کے درمیان قیدیوں کے تبادلے اور جنگ بندی کے حوالے سے بات چیت کی توقعات تھیں۔ حماس نے پیش کیے گئے مجوزہ معاہدے پر مثبت ردعمل ظاہر کیا تھا، جس سے امید کی جا رہی تھی کہ مذاکرات کے نتیجے میں امن قائم ہو گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ اسرائیل 60 دن کی جنگ بندی کے لیے تیار ہو گیا ہے۔ تاہم، مذاکرات میں اسرائیلی وفد کی شرکت غیر فیصلہ کن ثابت ہوئی کیونکہ ان کے پاس معاہدے کے لیے ضروری اختیارات موجود نہیں تھے۔ ادھر سرائیلی وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاھو کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے پر پیش کی گئی ترامیم کو مسترد کر دیا ہے۔

نیتن یاھو کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس جن تبدیلیوں کا مطالبہ کر رہی ہے وہ ناقابل قبول ہیں اور یہ اسرائیل کے ان بنیادی اصولوں سے متصادم ہیں جو کسی بھی معاہدے کے لیے لازمی قرار دیے گئے ہیں۔اس کے باوجود نیتن یاھو کے دفتر نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی مذاکراتی وفددوحہ روانہ ہوگا تاکہ جنگ بندی سے متعلق بات چیت کو آگے بڑھایا جا سکے تاہم امریکی صدر سے ملاقات کے لیے نیتن یاہو امریکا پہنچ چکے ہیں۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کی وائٹ ہائوس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات متوقع ہے، جس میں غزہ جنگ بندی پر بات چیت ہو گی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کی ملاقات میں مشرقِ وسطی کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال بھی ہو گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button