لاہور:(بیوروچیف)جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہمارے بغیر حکومت بنتی ہے نہ چلتی ہے ۔ حکومت کی غلط پالیسیاں غربت میں اضافہ کر رہی ہیں۔ بجٹ میں ہر چیز کو مہنگا کر دیا گیا، غریب آدمی کی قوت خرید جواب دے گئی ہے۔
لاہور میں متحدہ ایکشن کمیٹی سرکلر روڈ کے وفد نے مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمٰن کا مزید کہنا تھا کہ شہر کی خوبصورت کیلئے لاکھوں افراد کو بے روزگار کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ہماری جماعت پوری قوت کے ساتھ تاجر برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔
کمیٹی کے اراکین کا کہنا تھا کہ حکومت شاہ عالم مارکیٹ اور سرکلر روڈ پر 7 ہزار دکانوں اور 500 گھروں کو مسمار کرنا چاہتی ہے۔
مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ جے یو آئی عنقریب اس اہم معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس طلب کرے گی۔ مولانا فضل الرحمن کی ہدایت پر جےیو آئی وفدآج شاہ عالم مارکیٹ میں متاثرین سے ملاقات کرے گا۔


