لاہور:(بیوروچیف /سید ظہیر نقوی سے )لاہور کے علاقے شیرا کوٹ میں سابق ایس ایچ او تھانہ لاری اڈا کو قتل کر دیا گیا۔
انسپکٹر سیف اللہ نیازی کو ان کے کار خاص نے فائرنگ کرکے قتل کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ سیف اللہ نیازی شیرا کوٹ کے علاقے بابو صابر کے قریب رہائش پذیر تھا، جہاں ان کے گھر کے قریب ہی کار خاص عدیل بھی رہائش پذیر ہے۔
پولیس کے مطابق انسپکٹر سیف اللہ نیازی نے کسی بات پر عدیل کو ڈانٹا تھا، جس سے دلبرداشتہ ہو کر عدیل نے طیش میں آکر فائرنگ کر دی، فائرنگ کی زد میں آکر سیف اللہ نیازی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفر ی موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے لاش مردہ خانے منتقل کر دی ہے۔
دوسری جانب شیرا کوٹ ڈولفن اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پولیس انسپکٹر کے قاتل کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ڈولفن اسکواڈ نے بتایا کہ ڈولفن کی ٹیم فائرنگ کی آواز سن کر موقع پر پہنچی تھی، ڈولفن ٹیم 102 نے ملزم عدیل کے فرار کی کوشش ناکام بنا دی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ معمولی تلخ کلامی پر پیش آیا تھا، موقع پر اعلیٰ افسران موجود ہیں، واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہے۔
ملزم نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ مقامی رہائشی ہوں ،انسپکٹر سیف اللہ نیازی گزرتے وقت گالیاں دیتا اور تذلیل کرتا تھا ،ملزم کےمطابق اسلحہ بھی یہیں سے لیا اور انسپکٹر سیف اللہ نیازی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران موقع پر پہنچ گئے،ڈی آئی جی آپریشنز نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا افسوسناک واقعہ معمولی تلخ کلامی کے نتیجے میں پیش آیا،فائرنگ کرنے والا ملزم عدیل پولیس کی گرفت میں ہے، تمام شواہد اکٹھے کر کے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔
سیف اللہ قانون پر عملدرآمدکروانےکی کوشش میں جان کی بازی ہار گیا، جاں بحق انسپکٹر کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔



