لاہور:(سید ظہیر نقوی سے)پنجاب میں دہشت کی علامت سمجھا جانے والا قتل، اغواء برائےتاوان اقدام قتل، بھتہ خوری،ڈکیتی میں مطلوب انتہائی خطرناک شوٹر ملزم رفیق عرف پھیکی مبینہ پولیس مقابلہ میں مارا گیا۔
پولیس کے مطابق سب انسپکٹر شبیر حسین اور ان کی ٹیم ملزم برریمانڈجسمانی کو برائے برآمدگی مال مسروقہ و اسلحہ علاقہ تھانہ نشترکالونی لے جارہی تھی نامعلوم ملزمان نے اپنے زیر حراست ساتھی شوٹر کو چھڑوانے کے لیے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
ملزم کے ساتھیوں کی فائرنگ سے ملزم رفیق عرف پھیکی شدید زخمی ہو گیا جس کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا جو کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا
ڈی ایس پی چوہدری فیصل شریف کے مطابق ہلاک ملزم لاہور، شیخوپورہ، قصور میں قتل ،اغواء برائےتاوان، اقدام قتل، دہشت گردی ،بھتہ خوری،ڈکیتی جیسے سنگین جرائم کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھا۔
یاد رہے کچھ سال قبل ہلاک ملزم نے رحمان گارڈن کے باہر 6شہریوں اور شیخوپورہ کے علاقہ میں بھی ایک شہری کو بے دردی سےقتل کر دیا تھا،ملزم نے شہری کو قتل کرنے کے بعد ورثاء کو نعش کے بدلے 25 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا ،رقم نہ ملنے پر سفاک ملزم نے نعش کو نہر میں پھینک دیا تھا ۔
ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار ڈرامائی طور پر محفوظ رہے جبکہ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو شدید نقصان پہنچا،ہلاک ہونے والے ملزم کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائده اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔



