لاہور(بیوروچیف)صوبائی دارالحکومت میں مختلف حادثات کے دوران خاتون سمیت 4افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ ایدھی ترجمان کے مطابق مصری شاہ کے علاقے تیزاب احاطہ چمڑا منڈی میں ٹرک اور موٹر سائیکل کے تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 2زخمی ہوگئے۔
شاہدرہ ٹاؤن میں جی ٹی روڈ پر تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سوار خاتون کو کچل دیا جو جاں بحق ہو گئی، متوفیہ کی شناخت 45 سالہ حنیفہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے جو رانا ٹاؤن کی رہائشی تھی۔
فیکٹری ایریا کےعلاقے پنجاب سوسائٹی میں 55 سالہ شخص درخت پر چڑھ کر شہد اتار رہا تھا کہ پاؤں پھسلنے سے نیچے گر گیا اور انتقال کر گیا۔ متوفی کی شناخت 55 سالہ گل خان کے نام سے ہوئی جو سوات کا رہائشی تھا۔
سندر میں ملتان روڈ پرموٹر سائیکل سوار سڑک پر پڑے پتھر سے سلپ ہو کر گرا اور اس دوران اینٹوں سے بھرا ٹرالا اس پر سے گزر گیا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا، متوفی کی شناخت 40 سالہ شاہد اقبال کے نام سے ہوئی جوننکانہ کا رہائشی تھا۔
متعلقہ تھانوں کی پولیس نے چاروں لاشیں ایدھی رضاکاروں کی مدد سے مردہ خانے منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔



