مریم نواز کا پسماندہ اضلاع کو ای بسیں دینے کاحکم
ہر نئی چیز بڑے شہروں کو دینے کا کلچر تبدیل کرنا ہوگا، سانحہ سوات دل دہلا دینے والا واقعہ، بروقت مدد ملتی تو قیمتی جانیں بچ سکتی تھیں:مریم نواز
لاہور:( سلمان حسین) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جنوبی پنجاب کے اضلاع کو زیادہ ای بسیں فراہم کرنے کا حکم دیا اور دوردراز اضلاع کو ترجیحی بنیادوں پر الیکٹراک بسیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا،جس میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے پراجیکٹس پربریفنگ دی گئی اورالیکٹراک بس پراجیکٹ پر پیشرفت کاجائزہ لیاگیا۔
وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ ہر نئی چیز بڑے شہروں کو دینے کا کلچر تبدیل کرنا ہوگا، دیہات کو بڑے شہروں کے برابر لائیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے24اضلاع کو ترجیحی بنیادو ں پر 240 الیکٹراک بسیں دینے کی ہدایت کی۔ پہلے مرحلے میں آنے والی240ای بسیں نسبتاً پسماندہ اضلاع کو فراہم کر دی جائیں گی۔
لاہور، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان اور راولپنڈی کے لئے 500ای بسوں کی فراہمی اگست سے اکتوبر تک ہوگی۔ نومبر سے دسمبر تک پنجاب میں 600الیکٹراک بسیں مزید آئیں گی۔ پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت شیخوپورہ،ننکانہ، قصور اور لاہور کو 400الیکٹراک بسیں فراہم کی جائیں گی۔
گوجرانوالہ بی آر ٹی پراجیکٹ پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ گوجرانوالہ میں بی آرٹی کو پورے شہر اور مضافات سے منسلک کرنے کے لئے 80فیڈر بسیں چلائی جائیں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو عوامی افادیت کے تمام پراجیکٹ بلا تاخیر شروع کرنے کی ہدایت کی اورای بسوں کے روٹس عوام کی آمدورفت کو مد نظر رکھ کر مقرر کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ٹرانسپورٹ سسٹم روٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ عوامی ضروریات کا تعین کرکے بسیں دینا چاہتے ہیں، صرف عوام کے لئے سوچنا ہے۔ تمام اضلاع میرے لئے برابر ہیں، ترقی کے سفر میں یکساں مواقع اور سہولتیں ملنی چاہئیں۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے سانحہ سوات میں ایک ہی خاندان کے متعدد افراد کی جانوں کے ضیاع پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔ وزیر اعلی نے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور کہاکہ سانحہ سوات دل دہلا دینے والا واقعہ ہے بروقت مدد ملتی تو قیمتی جانیں بچ سکتی تھیں۔ غمزدہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے انکے ساتھ کھڑی ہوں ۔اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔



