ٹریفک حادثات میں6افراد جاں بحق، کوسٹر نذر آتش
مانانوالہ جی ٹی روڈ پر ڈالے نے فٹ پاتھ پرکھڑی فیملی کو ٹکر ماردی
حجرہ شاہ مقیم،ملتان،مانانوالہ،چترال (نمائندگان) مختلف شہروں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں خواتین سمیت6افراد جاں بحق ہوگئے، مشتعل افراد نے کوسٹر کو نذر آتش کردیا۔تفصیلات کے مطابق حجرہ شیرگڑھ روڈ پر پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے میں تیز رفتار مسافر کوسٹر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار غلام علی جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ قصبہ 20ڈی کے قریب پیش آیا۔
واقعے کے بعد متوفی کے اہل خانہ اور اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا اور حجرہ شیرگڑھ روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ مشتعل مظاہرین نے حادثے کا باعث بننے والی کوسٹر کو نذر آتش کردیا۔
مانانوالہ مین جی ٹی روڈ فیروزوٹواں سٹاپ پر افسوسناک حادثے میں لاہور کی جانب سے آتے ہوئے تیز رفتار ڈالے کی فٹ پاتھ پر کھڑی فیملی کو ٹکر کے نتیجے میں ایک خاتون بچے سمیت زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئی جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت شبیلہ بی بی اور بچے کی محمد ہادی کے نام سے ہوئی ہے ۔موٹروے ایم5 پر صادق آباد سے لاہور جانے والی بس حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک مسافر جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوگئے۔
حادثہ ملتان کے قریب پیش آیا جب بس کا ڈرائیور اچانک اونگھنے کے باعث بس سے قابو نہ پا سکا اور وہ موٹروے سے نیچے اتر گئی۔اپر چترال کے علاقہ سہت موڑکہو میں ایک پرائیویٹ سوزوکی جیب گہری کھائی میں گر نے سے دو خواتین موقع پر جاںکی بازی ہار گئیں۔



