لاہور(سلمان حسین) پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل حاصل کرنے والے بابا دین محمد 104 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ترجمان اسپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ منیلا ایشین گیمز میں پاکستان کی طرف سے 1954 میں پہلا گولڈ میڈل حاصل کرنے والے بابا دین محمد انتقال کرگئے ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ بابا دین محمد نے 1954 میں ریسلنگ کے مقابلوں میں پاکستان کے لئے پہلا گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ بابا دین محمد کافی عرصے سے ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔
صوبائی وزیر برائے کھیل پنجاب، ملک فیصل ایوب کھوکھر نے انتقال پر گہری دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ریسلر دین محمد کی ملک کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
وہ نہ صرف پاکستان کے پہلے ایشین گولڈ میڈلسٹ ریسلر تھے بلکہ انہوں نے ریسلنگ کے میدان میں پاکستان کا پرچم بلند کر کے دنیا بھر میں وطن عزیز کا نام روشن کیا۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ دین محمد جیسے قومی ہیروز قوم کا سرمایہ اور فخر ہوتے ہیں۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ عزت و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔
صوبائی وزیر کھیل نے مرحوم کے اہلیخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبر و جمیل کی دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم دین محمد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔



