پاکستانتازہ ترینجرم-وسزاعلاقائی خبریں

پشاور:عالم دین قتل،مختلف واقعات میں 8افرادجاں بحق

قاری اعجاز سفید ڈھیری عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے امیر تھے، لاہور میں سکیورٹی گارڈ گولیوں کا نشانہ بن گیا، مختلف علاقوں سے دولاشیں برآمد

لاہور،پشاور (بیوروچیف/نمائندگان) مختلف واقعات کے دوران عالم دین سمیت 9افراد کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق پشاور میں فائرنگ کے دو الگ واقعات میں ایک عالم دین جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔دونوں واقعات پشاور کے تھانا پشتخرہ کی حدود میں پیش آئے، دورہ روڈ سفید ڈھیری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قاری اعجاز جاں بحق ہوگئے۔

قاری اعجاز سفید ڈھیری عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے امیر تھے دوسرا واقعہ نواں کلی میں پیش آیا جہاں قاری شاہد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، قاری شاہد بھی انٹرنیشنل مجلس ختم نبوت کے ضلعی امیر ہیں دوسری جانب فائرنگ کے واقعات کے خلاف شہریوں نے یونیورسٹی روڈ پر احتجاج کیا اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

پشاور میں تھانہ پشتخرہ کی حدود میں گزشتہ روز ٹارگٹ کلنگ میں شہید ہونے والے عالم دین اعجاز کے قتل کی تحقیقات کے لئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔

سرگودھا کے قصبہ بھیرہ کے علاقے نبہ میں نور خانہ والا خواجہ آباد میں پرانی دشمنی پر آتشیں اسلحہ سے مسلح مخالفین نے ڈیرے پر فائرنگ کر کے چارہ کاٹتے 60 سالہ مخالف غلام یاسین سکنہ نبہ کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔

لاہور میں نشتر کالونی کے علاقے میں واقع نجی سوسائٹی کے سکیورٹی گارڈ 32 سالہ عرفان ظفر کی نازیہ نامی خاتون سے تلخ کلامی ہو گئی اس دوران اس کے ساتھی حمزہ نے طیش میں آکر عرفان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر دم توڑ گیا۔

ایدھی ترجمان کے مطابق کوٹ لکھپت میں 22 سالہ نوجوان کی لاش فٹ پاتھ کے کنارے مردہ حالت میں پایا گیا جبکہ چوہنگ میں ٹھوکر بائی پاس کے قریب 60 سالہ بزرگ شہری بے ہوشی کی حالت میں ملا جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔

ڈیرہ غازی خان میں پھوپھی کے بیٹے کامران نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر گھر میں گھس کر دن دہاڑے 14/15سالہ شادی شدہ شمائلہ بی بی کو چھریوں کے بے درپے وار کرکے قتل کردیا شمائلہ بی بی کی والدہ نے بتایا کہ وہ نماز پڑھ رہی تھی کہ اسی اثناء میں کامران گھر آیا اور اس نے کچھ دیر بیٹھنے کے بعد اچانک اسکی بیٹی شمائلہ بی بی پر چھری سے حملہ کردیا۔

شمائلہ کی چیخ وپکار سن کر اس کا 60 سالہ بزرگ سسر نزیر احمد کمرے سے باہر نکلا اور اپنی پوتی کو بچانے کی کوشش کی تو ملزم کامران نے اس پر بھی چھری سے حملہ کرکے اسے بھی زخمی کردیا اور فرار ہوگیا۔

جیکب آباد کے تاجو دیرو تھانہ کی حدود داؤ جہانپور میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان دوست علی جکھرانی کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے، ملزمان نے نوجوان کو قتل کرنے کے بعد ایک خاتون ریشماں بروہی کو بھی قتل کیا۔

ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل کے مطابق تماچانی تھانے کی حدود میں ماموں نے سیاہ کاری کے الزام میں فائرنگ کر کے 15 سالہ بھانجی وزیراں اور 16 سالہ نوجوان راشد شر کو قتل کر دیا۔

نوشکی کے علاقے قادر آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایف سی اہلکار ظاہر کو قتل کردیا پولیس کے مطابق اہلکار عید منانے کےلئے چھٹیوں پر گھر آیا ہوا تھا ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button