پاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریں

مریم نواز کی زیرصدارت اجلاس، 12 اضلاع کے ترقیاتی پروگرام منظور

ملتان میں 22 بس سٹاپ بنانے، رحیم یار خان کےبازاروں کی مرمت کی منظوری،گوجرانوالہ میں نئی فوڈ سٹریٹ بنانیکی ہدایت

لاہور(سلمان حسین)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیرصدارت چھ گھنٹے طویل خصوصی اجلاس میں ضلعی سالانہ ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے12 اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی خود منظوری دی۔ دیگرباقی ماندہ اضلاع کے ترقیاتی پروگرام،انسداد تجاوازت اور بیوٹی فیکیشن سے متعلق اجلاس آج دوبارہ ہو گا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ میں بیوٹی فیکیشن اور انسداد تجاوزات آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازنےکہا تجاوزات کا خاتمہ اور صفائی کا معیار برقرار رکھنا بہت بڑا چیلنج ہے، کمشنر اور ڈی سی کو پرفارمنس کیلئے مکمل آزادی دی،کسی کو فیصلوں پر اثرانداز ہونے کی اجازت نہیں، ارکان اسمبلی بھی اپنے اضلاع میں بہتر ی کی تعریف کرتے ہیں، پرفارمنس میں ہمارا مقابلہ کسی سابقہ حکومت سے نہیں، خود سے ہے،عوام میں ریلیف کا حقیقی احساس ہی کامیابی ہے،عوام کے لئے بہت کچھ کرنا باقی ہے،محکمے کرپشن سے مکمل پاک نہیں ہو سکے، میرے ہوتے ہوئے کرپشن افسوس ناک ہے، کرپشن کے خلاف جامع کریک ڈاؤن کرنا ہوگا۔

اجلاس میں تمام تحصیلوں کے روڈز، مارکیٹوں اور بازاروں کی پائیدار اپ لفٹنگ کا فیصلہ کیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ نے ہر شہر میں ماڈل رکشہ سٹینڈ بنانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے لینڈ ایکوزیشن کیلئے حاصل اراضی کے مالکان کو مارکیٹ ریٹ کےمطابق ادائیگی اورتجاوزات کے خاتمے کے بعد واگزار سرکاری اراضی کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور شہروں میں واگزار اور میسر سرکاری اراضی پر سپورٹس ایریا اور اربن فارسٹ قائم کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے انتظامی افسروں کو تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے روزانہ وزٹ کرنے اورروڈز پر عارضی تجاوزات روکنے کے لئے لین مارکنگ، روڈز کے درمیان بجلی کے کھمبوں کو ہٹانے کی ہدایت اورنئی بننے والی سڑک کے ساتھ ٹف ٹائل فٹ پاتھ بنانے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے غلہ،فروٹ اور سبزی منڈی کی شہروں سے باہر منتقلی اور یکساں طرزاپ لفٹنگ کی ہدایت کی جبکہ اوور ہیڈ برج پر پلانٹر اورون کلر یکساں تھیم لائٹنگ لگانے کی ہدایت کی اورسولر سٹریٹ لائٹس لگانے کا حکم دیا جبکہ روڈز کے درمیان یکساں طرز کے درخت لگانے کی ہدایت بھی کی، تمام اضلاع میں بلڈنگ بائی لاز پر پابندی یقینی بنانے کا حکم دیا۔

انہوں نے فیصل آباد میں عوام کے لئے مزید الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے اور تاریخی گھنٹہ گھر کے ہر بازار میں بہترین انفراسٹرکچر اور بیوٹی فیکیشن کی ہدایت کی۔ اجلاس میں سرگودھا گول چوک سمیت دیگر مارکیٹ اور روڈز میں تجاوزات کا خاتمے کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے راولپنڈی راجہ بازار کی اربن اپ لفٹنگ کے پلان کی منظوری دے دی جبکہ راولپنڈی کی تاریخی عمارات کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے ساہیوال کے جنرل بس سٹینڈ کی منتقلی اور ملتان کی 278 سال قدیمی مسجد ولی محمد کی بحالی کے پراجیکٹ کی منظوری دے دی جبکہ ملتان کے شیر شاہ انٹر چینج اور لیاقت آباد روڈ کی اپ لفٹنگ کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ملتان شہرمیں 22 بس سٹاپ بنانے کی منظوری دے دی اورچوک گھنٹہ گھر کی توسیع و بحالی کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔انہوں نے شاہ سکندر روڈڈی جی خان کی تعمیر و توسیع کی منظوری،وسیع وعریض سپورٹس ایریا پراجیکٹ کی جلد تکمیل اور 4- الیکٹرک کارٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے بہاولپور فرید گیٹ کی تعمیر توسیع اور فوڈ سٹریٹ کے پراجیکٹ، بہاولپور کی200 سال پرانی الصادق مسجد کی بیوٹی فیکیشن اور رابط سڑک کی تعمیر، سیٹلائٹ اور ماڈل ٹاؤن کی بیوٹفیکیشن ،رحیم یار خان کے اندرونی بازاروں کی مرمت، فائبر گلاس چھت،مسٹ فین اور واٹر کولر لگانے کی منظوری دی۔

وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ میں لاہور کی طرز پر نئی فوڈ سٹریٹ بنانے کی بھی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے ورلڈ فیملی ڈاکٹر ڈے پرپیغام میں کہا فیملی ڈاکٹرز کو انکی خدمات، شفقت اور انسانیت کی بھلائی کے عزم پرخراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے نارووال میں ریسکیو 1122 کے ڈسٹرکٹ آفیسر نعیم احمد کے دوران ڈیوٹی جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button