پاکستانتازہ ترین

وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 80 روپے کمی کا اعلان

وزیراعظم نے کابینہ کی جانب سے دو مہینے کی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ بڑھا کر 6 مہینے کرنے کا اعلان کردیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 80 روپے لیوی کی مد میں کمی کا اعلان کر دیا اور پیٹرول کی نئی قیمت فی لیٹر 378 روپے مقرر کردی جس کا اطلاق آج سے ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا کہ خلیج میں جنگ کے باعث پورے خطے میں تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں اور تیل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے پاکستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور یہ ایسی تلخ حقیقت ہے کہ غریب کا چولھا مدھم ہو رہا ہے، کسان کے لیے بے پناہ مشکلات پیدا ہوچکی ہیں اورعام آدمی کے لیے نئے چیلنجز ابھر کر سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اللہ کے فضل و کرم اور آپ کی دعاؤں سے حتی المقدور کوشش کی کہ عوامی بہبود اورعوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے محدود قومی وسائل آپ کی مشکلات کم کرنے کے لیے صرف کیا جائے اور ایک،ایک پیسے کی بچت سے آپ کو اس مہنگائی کے طوفان سے بچایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے اور مہنگائی جس نے دنیا کی طاقت ور معیشتوں کی بھی کمر توڑ دی ہے یقیناً پاکستان بھی اس سے بری طرح متاثر ہو رہا ہے، اسی لیے پچھلے تین ہفتوں میں عوام پر ہر روز تیل کی قیمتوں میں اضافےکا بوجھ ڈالنا میں نے قطعاً مناسب نہیں سمجھا۔

انہوں نے کہا کہ میں اچھی طرح جانتا ہوں کہ پاکستان میں ایک عام آدمی کس طرح زندگی بسر کرتا ہے، فجر کی نماز ادا کرکے آپ رزق حلال کی تلاش میں نکلتے ہیں اور سارا دن جاڑے اوردھوپ میں محنت کرکے اپنے بال بچوں کا پیٹ پالتے ہیں لیکن اس کے باوجود آپ کے بے پناہ مسائل ہیں اس لیے ان تین ہفتوں میں قومی وسائل سے 129 ارب روپے خرچ کرکے آپ تک اس قیامت خیز طوفان کو پہنچنے نہیں دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم سب اللہ سے دست بدعا ہیں کہ جنگ جلد سے جلد بند اور امن قائم ہوجائے، اس کے لیے پاکستان کی حکومت نے، میں نے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے انتہائی خلوص نیت کے ساتھ جب سے جنگ کا آغاز ہوا ہے، امن قائم کرنے کے لیے دن رات کاوشیں کر رہے ہیں اور اس وقت تک اپنا یہ فرض نبھاتے رہیں گے جب تک آگ کے شعلے بجھ نہیں جاتے۔

انہوں نے کہا کہ کل قومی مشاورت کے حوالے سے وزیرخزانہ اور وزیر پیٹرولیم نے آئندہ کے لیے اعلانات کیے، اس کے پیچھے بھرپور مشاورت ہوئی، صدر پاکستان کا مشکور ہوں جنہوں نے پوری قومی قیادت کو ایوان صدر میں دعوت دی جہاں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم، گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ اور دیگر زعما موجود تھے اور اس کے اگلے دن وزیراعظم ہاؤس میں بھرپور مشاورت ہوئی اور کل بھی بھرپور اجتماع میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ تشریف فرما تھے، آزاد کشمیر کے وزیراعظم، گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ اور وفاقی وزرا سب موجود تھے، لہٰذا بڑی عرق ریزی کے بعد جامع پروگرام کا اعلان کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں بعض ممالک میں میلوں لمبی قطاریں لگیں اور لوگوں کو بےپناہ تکلیف ہوئی لیکن پاکستان میں ہم نے اجتماعی کاوشوں اور بروقت فیصلوں کے ذریعے ان تمام معاملات کو دوررکھا، اب کل کے اعلانات کے مطابق موٹر بائیک کو ایک لیٹر کے اوپر100 روپے کی سبسڈی دی جائے گی، ہم نے فیصلہ کیا کہ جو گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں مال بردار گاڑیوں کو سپورٹ دینے کے لیے ایک ماہ تک 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے سبسڈی دی جائے گی، چھوٹے ٹرکوں کو 70 ہزار روپے، بڑے ٹرکوں کو 80 ہزار روپے، پبلک ٹرانسپورٹ بسوں کو ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جائے گی تاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کرایوں کا بوجھ آپ پر نہ پڑے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے چھوٹے کسانوں کے لیے 1500 روپے فی ایکڑ امداد مہیا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، اسی طرح پاکستان ریلوے کے حوالے سے فیصلہ کیا کہ اکانومی کلاس کے ڈبوں میں مسافروں کے لیے کرایہ نہیں بڑھایا جائے گا، اس حوالے سے وزارت ریلوے کو واضح ہدایات جاری کردی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کل کیے گئے تمام اعلانات تمام قومی جذبات سے بھرے اقدامات کے لیے صوبائی وزرائے اعلیٰ مریم نواز، مراد علی شاہ، سہیل آفریدی، میرسرفراز بگٹی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس قومی مقصد کے لیے اپنے وسائل مہیا کرنے کے لیے بلاتاخیر وعدے کیے اور یہی وقت کی آواز ہے اور یہ وہ موقع ہے جس وقت اس تاریخ کے بہت بڑے چیلنج کا مقابلہ صرف اور صرف قومی یک جہتی اتفاق اور اتحاد کے ساتھ کیا جاسکتا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button