پاکستانتازہ ترین

لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب، بجلی بند، 5 افراد جاں بحق

لاہور، قصور، چناب نگر (ویب ڈیسک) لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں مون سون کے پانچویں اسپیل کے دوران بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم نشیبی علاقے زیرِ آب آنے، بجلی کی فراہمی متاثر ہونے اور مختلف حادثات کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ مختلف واقعات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت مختلف علاقوں میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے جاری رہا۔ بارش کے باعث شہر کے مختلف نشیبی علاقوں اور اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات پیش آئیں۔

بارش کے باعث لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا اور متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کو پانی کی قلت سمیت دیگر مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔

قصور میں چھتیں گرنے اور ڈوبنے کے واقعات

قصور کے گاؤں کھارا میں بارش کے دوران مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

قصور ہی میں بارش کے پانی سے بھرے جوہڑ میں ڈوبنے سے 7 سالہ بچہ بابر جاں بحق ہوگیا۔ اہل علاقہ کے مطابق بچہ بارش کے پانی میں نہاتے ہوئے اچانک گہرے جوہڑ میں جاگرا۔

بیٹے کو ڈوبتا دیکھ کر بچے کے والد نے بھی پانی میں چھلانگ لگا دی۔ موقع پر موجود افراد نے والد کو بحفاظت پانی سے نکال لیا، تاہم 7 سالہ بابر کو نہ بچایا جا سکا۔

کوٹ رادھا کشن کے نواحی گاؤں ڈھنگری والا میں بھی بارش کے دوران بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے دو بزرگ سگے بھائی جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو اور پولیس ذرائع کے مطابق 80 سالہ سردار محمد اور 70 سالہ محمد منشا کمرے میں چارپائی پر بیٹھے تھے کہ اچانک بوسیدہ چھت زمین بوس ہوگئی اور دونوں بھائی ملبے تلے دب گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، تاہم مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹا کر دونوں بھائیوں کی لاشیں نکال لیں۔

چناب نگر میں بھی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق

چناب نگر میں بارش کے باعث ایک مکان کے برآمدے کی چھت گرنے سے 60 سالہ محنت کش تقی محمد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگیا۔

پنجاب میں مون سون بارشوں سے 54 اموات

دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے متعلق فیکٹ شیٹ جاری کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں اب تک 54 شہری جاں بحق جبکہ 328 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔

دریائے سندھ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

ذرائع کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 99 فیصد، منگلا ڈیم میں 64 فیصد، تھین ڈیم میں 50 فیصد، پونگ ڈیم میں 47 فیصد جبکہ بھاکڑا ڈیم میں پانی کی سطح 43 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

متعلقہ اداروں نے مون سون بارشوں کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور نشیبی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button