پاکستانتازہ ترین

پنجاب میں پہلی مرتبہ یکساں ترقی کا کلچر متعارف کرایا گیا: مریم نواز

لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے وہاڑی سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں صوبے بالخصوص وہاڑی میں جاری ترقیاتی منصوبوں، سیاسی امور اور عوامی فلاحی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کرنے والے ارکان پنجاب اسمبلی میں محمد یوسف کسیلہ، ملک نوشیر انجم لنگڑیال، میاں محمد ثاقب خورشید اور محمد نعیم اختر خان بھابھہ شامل تھے۔

ارکان اسمبلی نے پانچ دہائیوں سے سنگل اور خستہ حال وہاڑی ملتان روڈ کو دو رویہ کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وہاڑی ملتان روڈ کی تعمیر کو علاقے کی ترقی کے لیے گیم چینجر قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ کو منصوبے پر شہریوں کی جانب سے ملنے والے مثبت ردعمل سے بھی آگاہ کیا۔

ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ وہاڑی ملتان روڈ کی تعمیر علاقے کی ترقی اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

ملاقات کے دوران وہاڑی میں الیکٹرو بس سروس کے آغاز کا بھی ذکر کیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے اس اقدام پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرو بس سروس شہریوں کے لیے بہترین سفری سہولت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرو بس میں طلبہ، خواتین اور بزرگ شہریوں کے لیے مفت سفر کی سہولت قابل تحسین اقدام ہے، جس سے عوام کو براہ راست ریلیف مل رہا ہے۔

ملاقات میں وہاڑی ریل بازار کی بیوٹیفکیشن کے منصوبے پر بھی گفتگو ہوئی۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ ریل بازار کی خوبصورتی سے شہر کا شہری حسن بہتر ہوا ہے اور وہاڑی کا اربن کلچر نئے دور میں داخل ہوچکا ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ پورے صوبے میں یکساں ترقی کا کلچر متعارف کرایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ کار صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رکھا گیا بلکہ جنوبی پنجاب سمیت صوبے کے تمام علاقوں میں عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ مون سون کے دوران نکاسی آب کی نئی اسکیموں کے باعث صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اب بارش کے بعد پانی دنوں یا ہفتوں کے بجائے چند گھنٹوں میں نکال دیا جاتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت کے اقدامات کا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ شہری اور دیہی علاقوں میں ترقی کا فرق کم کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے جنوبی پنجاب کے کاشتکار بھی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

مریم نواز کا بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن پر اظہار تشکر

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں کامیابی کے تسلسل پر اظہار تشکر کیا ہے۔

مریم نواز نے 15 دہشتگردوں کی ہلاکت اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور پیشہ ورانہ کارکردگی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے ملک کے امن و استحکام کے لیے سکیورٹی فورسز کی خدمات کو بھی سراہا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button