کوئٹہ، لکی مروت (ویب ڈیسک) آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 15 خوارج ہلاک کردیئے گئے، جبکہ کارروائیوں میں بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خوارج کے خلاف متعدد انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کیں۔ کارروائیاں مستونگ، بولان، واشک، آواران، سبی، خضدار، ہرنائی اور نوشکی کے علاقوں میں کی گئیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران 15 خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں خوارج کے دہشتگرد نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ان کی نقل و حرکت محدود کردی گئی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
لکی مروت میں پولیس رائیڈر اسکواڈ پر فائرنگ، اہلکار شہید
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی جانب سے پولیس کے رائیڈر اسکواڈ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق دہشتگردی کا واقعہ لکی مروت میں سعید خیل قبرستان کے قریب پیش آیا، جہاں دہشتگردوں نے پولیس رائیڈر اسکواڈ کو نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے نتیجے میں ایک اہلکار موقع پر شہید ہوگیا جبکہ دوسرا اہلکار زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس اور سکیورٹی اداروں نے واقعے کے بعد علاقے میں کارروائی شروع کردی ہے جبکہ دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔



