انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

یمن میں حوثیوں کی کارروائی، 11 افراد جاں بحق، سعودی شہر جازان پر ڈرون حملے کا دعویٰ

صنعا (ویب ڈیسک) یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے یمنی حکومت کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں فضائی کارروائی کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 32 زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں 8 فوجی اہلکار اور 3 عام شہری شامل ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یمن کے ساحلی شہر مخا میں وزارت صحت کے ایک عہدیدار نے حوثیوں کے حملے میں 11 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

وزارت صحت کے عہدیدار کے مطابق حملے میں 8 فوجی اہلکار اور 3 عام شہری جاں بحق ہوئے، جبکہ 32 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے 6 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق تمام زخمی افراد مخا کی بندرگاہ پر ہونے والے حملے میں متاثر ہوئے۔ اس سے قبل یمنی حکومتی فورسز کے دو عسکری ذرائع نے بھی 8 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت اور 40 سے زائد اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔

یمنی فورسز کا حوثیوں کے ٹھکانوں پر حملوں کا دعویٰ

دوسری جانب یمنی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوب مغربی صوبے عدن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر ڈرون حملے کیے گئے، جن میں حوثیوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا جبکہ فوجی ساز و سامان بھی تباہ ہوا۔

فورسز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثیوں کی بیرکوں، خندقوں، سرنگوں اور جنگجوؤں کے ٹھکانوں کے علاوہ فوجی گاڑیوں اور دیگر آلات کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

سعودی شہر جازان پر ڈرون حملے کا دعویٰ

مزید برآں یمن کی حوثی اکثریتی تنظیم انصاراللہ نے سعودی عرب کے شہر جازان میں ڈرون حملے کا دعویٰ کیا ہے۔

حوثی تنظیم کے مطابق جازان میں ایک ریفائنری کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ انصاراللہ کا کہنا ہے کہ یہ حملہ یمنی سرزمین پر سعودی ڈرون حملوں کے جواب میں کیا گیا۔

تاہم سعودی حکام کی جانب سے جازان میں ریفائنری کو نشانہ بنائے جانے کے حوثی دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔

یمن میں جاری تنازع کے باعث مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے جھڑپیں اور حملے ہوتے رہے ہیں، جبکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث شہری آبادی اور بنیادی تنصیبات کو بھی خطرات لاحق ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button