پاکستانتازہ ترینسپورٹس

چیمپئینز ٹرافی: ICC کا بھارتی بورڈ سے رابطہ، پاکستان کے سوالات کے جواب مانگے لئے

بھارتی بورڈ کی پاکستان کو مالی نقصان کی تڑی: ٹورنامنٹ منتقل ہوا تو 65ملین ڈالر میزبانی فیس سے ہاتھ دھونا پڑیں گے، انڈین میڈیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) چیمپئینز ٹرافی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی عدم شرکت پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بی سی سی آئی کی مشاورت کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کو جواب دے گی۔ پی سی بی نے دیگر بورڈز کے ساتھ رابطے شروع کر دئیے تاکہ انھیں بھارتی بورڈ کے رویے سے آگاہ کیا جاسکے۔ پاکستان ہائبرڈ ماڈل کی مخالفت کے موقف پر قائم ہے جس سے آئی سی سی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے پی سی بی کو ای میل کا فوری جواب ملنا ممکن نہیں، اس میں کچھ دن لگیں گے، پاکستان کی طرف سے بھارتی ٹیم کے انکار کی ٹھوس وجوہات جاننے کی خواہش پر اب آئی سی سی نے بھارتی بورڈ سے رابطہ کرلیا ہے۔ بھارتی بورڈ سے پی سی بی کے سوالات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ممکنہ جوابات مانگے گئے ہیں، اسی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی ای میل کا جواب دیا جاسکے گا۔ رپورٹس کے مطابق بھارتی بورڈ تمام قانونی پہلوئوں کو سامنے رکھتے ہوئے تحریری موقف دے گا جس کی روشنی میں آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ کو جوابی ای میل بھیجے گا۔ آئی سی سی حکام پاک بھارت تنازع پر دیگر ممالک سے بھی مشاورت کر رہے ہیں تاکہ مسئلے کا کوئی پائیدار حل ڈھونڈا جا سکے۔
ادھر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے براڈ کاسٹنگ رائٹس خریدنے والی کمپنی کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق براڈ کاسٹرز نے آئی سی سی سے چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے، آئی سی سی نے براڈ کاسٹرز کو 2027 تک کے میڈیا رائٹس 3ارب ڈالر میں دئیے تھے۔ آئی سی سی نے یقین دلایا تھا کہ اس سرکل میں پاک بھارت میچز لازمی ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد ایسا ہوتا دکھائی نہیں دیتا، براڈ کاسٹرز کو بھی سب سے زیادہ کمائی پاک بھارت میچز سے ہی ہونا تھی۔ ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کے اعلان میں تاخیر سے براڈ کاسٹرز کا بڑا نقصان ہو رہا ہے، براڈ کاسٹرز نے آئی سی سی سے ایونٹ کے شیڈول کے فوری اعلان کا مطالبہ دہرایا ہے۔ ادھر آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کیلئے پاکستان آنے کے بعد ہائبرڈ ماڈل پر قائل کرنے کیلئے بھارتی بورڈ ( بی سی سی آئی) پی سی بی کو مالی نقصان سے ڈرانے لگا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چیمپئینز ٹرافی پاکستان سے کسی دوسرے ملک منتقل ہوئی تو 65ملین ڈالر میزبانی فیس سے ہاتھ دھونا پڑیں گے جبکہ دستبرداری کی صورت میں پابندیوں کے ساتھ ریونیو شیئر سے بھی محروم ہونا پڑ سکتا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button