کوئٹہ، لاہور ( ویب ڈیسک) کوئٹہ کے نواح میں قبائلی رہنما کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 2افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ہنہ اوڑک اور سرہ غڑ گئی کے علاقے میں واقع کلی منگل میں قبائلی رہنما عبدالسلام خان کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا۔ پولیس نے بتایاکہ دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور 9زخمی ہوگئے۔
لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں جاں بحق افراد کی شناخت عبدالسلام اور عبدالنافع کے ناموں سے ہوئی۔ زخمیوں کی شناخت منان، سیف الرحمان، سمیع اللہ، زبیع اللہ، محمد آصف، نصیب اللہ اور جمیل احمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔ ادھر ضلع مستونگ میں دہشتگردوں نے حملہ کر کے لیویز تھانے ولی خان کو نذر آتش کر دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق لیویز ذرائع نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز، لیویز فورس اور پولیس کے پہنچنے پر مسلح افراد فرار ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ دوسری طرف کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 34دہشتگردوں کو گرفتار کرکے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے، دہشتگردوں نے مختلف شہروں میں اہم عمارتوں کو ٹارگٹ کرنے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔
لاہور سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دو خطرناک دہشتگردوںکو دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے دہشتگردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے صوبے کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس پر مبنی 415کارروائیاں کیں، جن میں 420مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 34دہشتگردوں کو دھماکہ خیز مواد، اسلحے اور دیگر ممنوعہ مواد سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار دہشتگردوں میں محمد اشفاق، اسماعیل خان، نصیر اللہ، ارشاد، ثاقب، شعیب، محمد عثمان، محمد عدیل، محمد سلیمان، حمزہ طارق ، محمد، قاضی خان اور سخی زمان وغیرہ شامل ہیں۔ گرفتار دہشتگردوںکا تعلق فتنہ خوارج اور دیگر دہشتگرد تنظیموں سے ہے۔
ان دہشتگردوں کی گرفتاریاں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، جہلم، بہاولپور ، ساہیوال، نارووال، جہلم، پاکپتن، بہاولنگر، بھکر، قصور اور ننکانہ صاحب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران عمل میں لائی گئی ہیں۔ گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد 5841گرام، ڈیٹونیٹرز 19،سیفٹی فیوز وائر 51فٹ، ایک ہینڈ گرنیڈ، کالعدم تنظیم کے پمفلٹ 75، میگزین، پرائمہ کارڈ، موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔ مزید برآں سوئی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے لیویز اہلکار کو شہید کر دیا۔ لیویز کے مطابق ہفتہ کو سوئی تحصیل بازار میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے لیویز اہلکار ریحان ولد لعل خان کو شہید کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔



