پاکستانتازہ ترین

تیزی سے بڑھتی آبادی پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج، نیشنل پاپولیشن کونسل کا اجلاس جلد بلانے کی ہدایت: شہباز شریف

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کو پاکستان کو درپیش سب سے بڑا قومی چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری کی بنیاد ہے۔ انہوں نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا اجلاس جلد بلانے، وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطے بڑھانے اور عوامی آگاہی مہم تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

آبادی میں توازن قومی ترقی کے لیے ناگزیر

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں بہبودِ آبادی سے متعلق اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزرا، اعلیٰ سرکاری حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک میں آبادی کے رجحانات، بہبودِ آبادی کے اقدامات اور نیشنل پاپولیشن کونسل کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آبادی کی مؤثر منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری کے ساتھ ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

2035 تک آبادی کی شرح نمو 1.25 فیصد تک لانے کا ہدف

اجلاس میں بتایا گیا کہ نیشنل پاپولیشن سٹیبلائزیشن پلان 2026-2035 تیار کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ملک میں سالانہ آبادی کی شرح نمو کو موجودہ 2.55 فیصد سے کم کرکے 2035 تک 1.25 فیصد تک لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

بریفنگ کے مطابق نیشنل پاپولیشن کونسل سیکریٹریٹ کے آپریٹنگ طریقہ کار کو بھی حتمی شکل دی جا چکی ہے، جبکہ آئندہ اجلاس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے مشترکہ قومی حکمت عملی پر غور کریں گے۔

چینی کمپنی فیمسن کے وفد سے ملاقات

وزیراعظم سے چین کی معروف کمپنی فیمسن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیک چین کی قیادت میں وفد نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں غذائی تحفظ، جدید زرعی ٹیکنالوجی اور اجناس کے جدید ذخیرہ مراکز کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مثالی دوستی معاشی تعاون کے ذریعے مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ انہوں نے فیمسن کی جانب سے جدید فوڈ اسٹوریج منصوبوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ان منصوبوں میں پاکستانی افرادی قوت کی پیشہ ورانہ تربیت کو بھی شامل کیا جائے تاکہ مقامی نوجوان جدید زرعی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکیں۔

آئی ٹی برآمدات میں 21 فیصد اضافہ خوش آئند قرار

وزیراعظم نے سالانہ آئی ٹی برآمدات میں 21 فیصد اضافے کے بعد ان کے 4.6 ارب امریکی ڈالر تک پہنچنے پر وفاقی وزیر آئی ٹی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ حکومت کی ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے والی پالیسیوں کا نتیجہ ہے اور حکومت مستقبل میں بھی آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کو اولین ترجیح دے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button