پاکستانتازہ ترین

27ستمبر لانگ مارچ کا مقصد بانی کی رہائی نہیں ان تک رسائی ہے: سہیل آفریدی

پشاور (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کا مقصد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی نہیں بلکہ ان تک رسائی حاصل کرنا ہے، جبکہ ان کی رہائی آئین اور قانون کے مطابق ہی ہوگی۔

ایک انٹرویو میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ وہ خود لیڈ کریں گے اور یہ محض ایک روزہ ایونٹ نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کارکن اسلام آباد پہنچ کر واپس نہیں جائیں گے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ لانگ مارچ کا اعلان پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی اس تحریک میں ان کے ساتھ ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کی تاریخ 27 ستمبر مقرر کرنے کی ایک وجہ موسم اور تیاری کیلئے مناسب وقت ملنا بھی ہے۔ موجودہ ملکی صورتحال ماضی کے مقابلے میں بہت مختلف ہے اور حکومت کے اتحادی بھی آپس میں اختلافات کا شکار ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبے کے نوجوان بھی پوری طرح تیار ہیں اور وہ خود اس تحریک کی قیادت کریں گے۔ ان کے بقول وہ مارچ میں سب سے آگے ہوں گے اور راستے میں آنے والی رکاوٹوں کو خود عبور کریں گے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اگر اپوزیشن اتحاد کا حصہ بنتی ہے تو پی ٹی آئی اس کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے، جبکہ لانگ مارچ میں شرکت کے حوالے سے جمعیت علمائے اسلام (ف) سے بھی بات چیت جاری ہے۔

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر غور کیا جا سکتا ہے، تاہم موجودہ حکومت کے پاس نئے صوبے بنانے کا مینڈیٹ نہیں ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button