فیصل آباد:(ویب ڈیسک)فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی سے متعلق کیس میں پی ٹی آئی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز، کنول شوزب کے علاوہ فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد میں 9 مئی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت عدالت نے متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور کنول شوزب کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
چاروں رہنماؤں کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری تھانہ سول لائن کے درج مقدمہ میں جاری ہوئے۔
واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔



