لاہور:(بیوروچیف/سید ظہیر نقوی)ڈاکٹرز،نرسزسمیت تمام ملازمین کیلئے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ۔
محکمہ صحت نے ڈاکٹرز ،نرسزاور تمام ملازمین کو سوشل میڈیا کے استعمال سے روک دیا،سوشل میڈیا پرکسی بھی قسم کے تبصروں اور تنقید سے گریز کرنے کی ہدایت کردی۔
ایک اعلامیہ کے مطابق محکمہ صحت نے تمام طبی عملے کو سوشل میڈیا کا استعمال محدودرکھنے کی تاکید کی ہے اوروفاقی حکومت کی سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ کسی بھی نوعیت کی معلومات سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں۔
محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے تمام میڈیکل انسٹی ٹیوشنز اور ٹیچنگ ہسپتالوں کےسربراہان کو اس کے بارے میں مراسلہ جاری کیا ہے۔
یہ قدم میو ہسپتال کے حالیہ واقعے کہ بعد اٹھایا گیاہے جس میں میڈیکل پروفیشنلز کی جانب سے سوشل میڈیا پر تنقید کی گئی تھی ۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد سوشل میڈیا پر غلط معلومات کی روک تھام اور میڈیکل پروفیشن کی عزت وقار کو برقرار رکھنا ہے ۔



