لاہور،کراچی(بیوروچیف)ٹریفک حادثات کے دوران معذورشخص سمیت 3افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ ایدھی ترجمان کے مطابق لاہور میں فیکٹری ایریا کے علاقے قینچی سٹاپ فیروزپور روڈ پرتیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور ٹریکٹر تلے دب کر جاں بحق ہو گیا جس کی شناخت سبحان کے نام سے ہوئی جو کنسٹرکشن کمپنی کا ملازم تھا ۔
کراچی میں گڈاپ ٹاؤن تھانے کے علاقے سپرہائیوے کاٹھورکے قریب مسافروین اورڈمپر کے درمیان تصادم میں بچی سمیت 2 افراد جاں بحق اورخواتین سمیت متعدد افراد شدید زخمی ہوگئے، حادثے کے باعث مسافروین کو شدید نقصان پہنچا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 3 سالہ انجیلی دختر فاتوخان اور60 سالہ فاروق ولد عبدالستار کے نام سے کی گئی۔ ریسکیو حکام نے کہا کہ حادثے کا شکار مسافروین ٹنڈوآدم جارہی تھی ۔
اسٹیل ٹاؤن تھانے کےعلاقےاسٹیل مل موڑ عادل کانٹے کے قریب تیزرفتارڈمپروہیل چئیرپرچلنے والے معذورپرچڑھ گیاجس کے نتیجے میں نامعلوم معذور شخص موقع پرجاں بحق ہو گیا۔
جاں بحق شخص کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردی گئی حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع پر سے فرارہو رہا تھا کہ موقع پرموجود شہریوں اورٹریفک پولیس نے تعاقب کرنے کے بعد ڈمپر ڈرائیور کو پکڑ لیا۔



