بچوں کی امریکہ سمگلنگ پراین جی اوکی چیئر پرسن ،قتل کیس کا اشتہاری گرفتار
لاہور،(بیوروچیف/سید ظہیر نقوی)ایف آئی اے نے نجی این جی او کی چیئرپرسن کو گرفتار کر لیا، ملزمہ جعلسازی سے بچوں کو گود لینے کے نام پرامریکا اسمگل کرتی تھی، ایف آئی اےاینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے نجی این جی او کی چیئرپرسن کو گرفتار کیا ۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتارملزمہ معصوم بچوں کی غیرقانونی اسمگلنگ میں ملوث پائی گئی، ملزمہ کے خلاف کارروائی امریکی قونصل خانے کی شکایت پرعمل میں لائی گئی، گرفتار ملزمہ جعلسازی سے بچوں کو گود لینے کے نام پرامریکا اسمگل کرتی تھی۔
ملزمہ کو ضمانت قبل ازگرفتاری مسترد ہونے پرگرفتار کیا گیا،اسپیشل جج سنٹرل کراچی نے ملزمہ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کی، ملزمہ سے مزید تفتیش جاری ہے۔
دریں اثنا لاہور ایئرپورٹ پر ایف آئی اے این سی بی انٹرپول اور امیگریشن حکام کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں مطلوب اشتہاری ملزم ارسلان اشرف کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ارسلان اشرف گزشتہ 4سال سے پنجاب پولیس کو اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا اور سائوتھ افریقہ فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔کارروائی کے بعد ملزم کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کر کے پنجاب پولیس حکام کے حوالے کر دیا گیا ۔



