ٹرمپ کا حماس کو اتوارتک معاہدہ قبول کرنے کا الٹی میٹم
واشنگٹن:(ویب ڈیسک)امریکی صدر ٹرمپ نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کو اتوارتک معاہدہ قبول کرنے کا الٹی میٹم دیدیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےحماس کو اتوار کی شام 6 بجے تک کا الٹی میٹم دے دیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس کو اتوار کی شام تک غزہ منصوبے پر معاہدہ کرنے کی مہلت دیتے ہوئے اسے ’آخری موقع‘ قرار دیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ اتوار کی شام واشنگٹن کے مقامی وقت کے مطابق 6 بجے تک حماس کے ساتھ ایک معاہدہ طے پانا ضروری ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ہر ملک اس پر دستخط کر چکا ہے، اگر اس آخری موقع کے باوجود بھی معاہدہ طے نہیں پاتا تو حماس کے خلاف ایسا قیامت خیز طوفان ٹوٹ پڑے گا جو اس سے قبل کسی نے نہیں دیکھا ہو گا۔
ٹروتھ سوشل پیغام میں ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئےکہا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو غزہ میں باقی ماندہ حماس کارکن ’پھنسے‘ ہوئے ہیں اور انہیں نشانہ بنایا جائےگا۔
امریکی صدر نے ساتھ ہی معصوم فلسطینیوں کو غزہ کے محفوظ علاقوں میں منتقل ہو جانے کا کہا تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ (محفوظ علاقے) کہاں ہیں۔



