لاہور ( سلمان حسین ) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ نے میزبان بھارت کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3وکٹوں سے ہرا دیا۔ جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم نے بھارت کا 252رنز کا ہدف 7گیندوں پہلے حاصل کر لیا۔
جنوبی افریقی بیٹر نڈائن ڈی کلرک نے 54گیندو ں پر 84رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ وشاکا پٹنم میں بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شروعات تو اچھی کی ، اوپنرز نے 55رنز کی بنیاد رکھی، لیکن پھر جنوبی افریقہ کی بولرز چھا گئیں ، ایک ایک کر کے وکٹیں گرائیں۔
102رنز پر بھارت کی 6بیٹرز پویلین پہنچ گئیں۔ اس مشکل میں بھارتی بیٹر رچا گوش نے اچھی بیٹنگ کی اور 77گیندوں پر 94رنز بنائے ، سنہے رانا نے 33رنز سکور کیے ۔ تاہم بھارتی ٹیم 49.5اوورز میں 251رنز بنا کرآئوٹ ہوگئی۔
252رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی 2وکٹیں 18رنز پر گر گئیں ، لیکن کپتان لورا ڈٹ گئیں۔ تیسری وکٹ 57رن پر گری اور 81کے سکور پر آدھی ٹیم پویلین پہنچ گئی، کپتان بھی 70رنز بناکر آئوٹ ہوئیں۔
ایسے میں کلو ٹرایئون اور نڈائن ڈی کلرک نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی۔تاہم کلو ٹرایئون 49رنز بنا کر آئوٹ ہوئی ، لیکن نڈائن ڈی کلرک نے خوبصورت انداز میں میچ فنش کیا۔ نڈائن ڈی کلرک 54گیندو ں پر 84رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہیں۔
جنوبی افریقہ نے 49ویں اوور میں 3وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی۔ ایونٹ میں آج نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کی ٹیمیں گوہاٹی میں مد مقابل ہوں گی۔



