پاکستانتازہ ترینسپورٹس

پہلا ون ڈے: دلچسپ مقابلہ، پاکستان نے سری لنکا کو 6رنز سے شکست دیدی

لاہور (سلمان حسین) پاکستان نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پہلے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو 6رنز سےشکست دے کر سیریز میں ایک، صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا ٹیم پاکستان کے 300رنز کے ہدف کے تعاقب میں 9وکٹوں کے نقصان پر 293رنز ہی بنا سکی، آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے وانندو ہاسارنگا نے شاندار 52گیندوں پر 59رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا تاہم وہ لنکن ٹائیگرز کو جیت دلانے میں ناکام رہے۔
دیگر بیٹرز میں سدیرا سمارا ویکراما 39، کامل میشارا 38اور پاتھم نیسانکا 29رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رئوف نے 61رنز دے کر 4کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، فہیم اشرف اور نسیم شاہ کے حصے میں 2،2وکٹیں آئیں۔
اس سے قبل پاکستان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے، سلمان علی آغا کی ناقابل شکست سنچری، حسین طلعت کے 62رنز اور محمد نواز کی 36رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کے باعث لنکن ٹائیگرز کو ایک اچھا ٹارگٹ دینے میں کامیاب رہی، پاکستان نے مقررہ 50اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 299رنز بنائے۔
سلمان علی آغا نے 87گیندوں پر شاندار 105رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی، اس دوران انہوں نے 9چوکے بھی لگائے۔ پاکستان کی 95رنز پر 4وکٹیں گر چکی تھی، اس دوران سلمان علی آغا اور حسین طلعت کے درمیان 138رنز کی شاندار شراکت نے پاکستان کو مستحکم پوزیشن پر لا کھڑاکیا، بعد ازاں سلمان علی آغا اور محمد نواز نے 66رنز کی مزید پارٹنر شپ لگا کر قومی ٹیم کے مجموعے کو 299رنز تک پہنچایا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button