لاہور(سلمان حسین)پنجاب میں کارڈیک اور کینسر مریضوں کے لئے کارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے منظوری دیدی۔ مریم نوازکے زیرصدارت سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں کینسر اور کارڈیک سرجری کے لئے خصوصی کارڈ پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر پنجاب میں وزیراعلیٰ سپیشل اینیشیٹو برائے کینسر پیشنٹ کارڈ متعارف کرانے کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
پنجاب میں کینسر اور دل کے عارضہ میں مبتلا افراد کے علاج کا مکمل خرچ حکومت ادا کرے گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ہر مریض سی ایم اسپیشل اینیشیٹو کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ روپے تک کے علاج کی سہولت حاصل کرے گا۔ پنجاب میں پہلے مرحلے میں 45 ہزار مریض نئے سی ایم اسپیشل اینیشیٹو کارڈ سے مستفید ہو ں گے۔ چیف منسٹر کارڈیک سرجری پروگرام کارڈ کے ذریعے مفت سرجری کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے اسٹروک /فالج کے بروقت علاج کے لئے پروگرام پلان طلب کر لیا ہے۔
سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں 17 جنوری تک نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے اوپی ڈی بلاک کو فعال کرنے کی ہدایت کی۔ اور نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا 31جنوری تک فعال کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈریسرچ کے بورڈ آف گورنر نے پہلے مرحلے میں 219 -اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دے دی۔ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا میں او پی ڈی، آئی پی ڈی،ایمرجنسی،پتھالویالوجی اور یڈیالوجی 31 جنوری تک مکمل فنکشنل کر دیئے جائیں گے۔
اجلاس میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھاکے بورڈ آف گورنر نے پہلے فیز میں 258اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی 15 فروری سے فنکشنل ہوگا۔
بورڈ آف گورنر نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے لئے 1104اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دے دی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 57 بڑے ہسپتالوں کی او پی ڈی میں ڈھائی کروڑ اور ایمرجنسی میں ایک کروڑ62لاکھ مریضوں کا علاج ہوا۔
پنجاب کے بڑے ہسپتالوں میں 19ارب 90کروڑ روپے کی ادویات مہیا کی گئی۔دریں اثنا پنجاب میں زراعت میں ترقی، جدت اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے چین کے ساتھ چھ ایم او یو ہو دستخط کئے گئے، زراعت میں جدید ٹیکنالوجی اور زرعی مشینری میں تعاون کیلئے چین کے ساتھ دو B2Bایم او یوز پر دستخط ہوئے۔ پنجاب میں ایگری تحقیق اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں اشتراک کار کیلئے چین کے ساتھ 3ایم او یوز سائن کئے گئے۔ کسانوں کو اعلیٰ معیار کے بیج کی دستیابی کیلئے چین کے ساتھ 1ایم او یو پر دستخط ہوگئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے زیر صدارت پنجاب میں زرعی ترقی میں پیش رفت کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا اور پنجاب حکومت کا زرعی ترقی کو مزید فروغ دینے کیلئے چین کے ساتھ باہمی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں گندم کاشت،کسان کارڈ اور زرعی مشینری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایاگیا کہ پنجاب میں کھاد کی مسلسل فراہمی کا نیا ریکارڈ قائم،کھاد مہنگی ہوئی، نہ غائب، نہ بلیک ہوئی اور نہ ہی کمی ہوئی۔
فروری 2024ء سے اب تک نہ ڈی اے پی اور یوریا کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہی فراہمی کمی ہوئی۔اجلاس میں مزید بتایاگیا پنجاب نے کم وقت گندم بوائی کا ٹارگٹ پوراکرلیا ہے اور پنجاب کو تمام صوبوں میں سب سے آگے نکلنے کا اعزاز حاصل ہو چکاہے۔پنجاب نے تمام صوبوں سے زیادہ 16.5ملین ایکڑ پر ریکارڈ گندم کاشت کی۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے حکم پر پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ہر تصدیق شدہ گندم بیج پر 500روپے فی بیگ کی سبسڈی دی گئی۔ پہلی بار پنجاب کی تاریخ میں 8لاکھ کسان کارڈ جاری، 250ارب کے قرضے جاری ہوئے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بدعنوانی جرم کے ساتھ سماجی، معاشی اور معاشرتی ظلم ہے۔ روز اول سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے زیروٹالرنس پالیسی اپنائی ہے۔
بد عنوانی کے باعث معاشرے میں بد امنی اور مایوسی پھیلتی ہے۔ حکومتی امور میں شفافیت،کرپشن کے خاتمے اور سروس ڈلیوری میں بہتری کی پالیسی سے عالمی سطح پر ملک کا امیج بہتر ہوا ہے۔
کے پی آئیز سسٹم نے حکومتی افسران کو مزید مستعد اور متحرک بنایا عوامی خدمات میں بہتری آئی ہے۔ کرپشن صرف اخلاقی زوال نہیں، قوم کی ترقی کا قاتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بدعنوانی کے ناسور کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔
ہر قسم کی بدعنوانی کے خلاف سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔کسی بھی سطح پر بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مالی بدعنوانی کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ مریم نواز نے عابد شیر علی کے بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہارکیا۔



