لاہور(سلمان حسین) انتظارکی گھڑیاں ختم ،پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کامیلہ سج گیا۔جاری کردہ شیڈول کے مطابق پی ایس ایل 2026کا افتتاحی میچ آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان کھیلا جائیگا۔
میچ سے قبل ہونے والی افتتاحی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے اور میچ بغیر تماشائیوں کے کھیلا جائیگا۔ واضح رہے کہ پی سی بی نے خطے کی صورتحال کے باعث قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 11 کے شیڈول میں تبدیلی کی تھی، پرانے شیڈول میں 44 میچز 6مختلف شہروں میںکھیلے جانے تھے جبکہ اب 22میچز کراچی اور 22 کی میزبانی لاہورکریگا۔
دوسری طرف پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل لاہور کے مقامی ہوٹل میں تمام ٹیموں کے کپتانوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
لاہور قلندرزکے کپتان شاہین آفریدی نے کہاکہ پی ایس ایل 11 کی تیاری بہترین رہی ہے اور ٹیم اچھا مقابلہ کرے گی۔ حیدرآباد کنگزمین کے کپتان مارنس لبوشین کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی تمام کھلاڑی ایک دوسرے سے جلد گھل مل جائیں اور ایک مضبوط ٹیم بن کرکھیلیں ۔
راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ یہ ایک اچھا ٹورنامنٹ ہوگا اور سب کی کوشش ہوگی کہ اچھا کھیل پیش کریں۔
ملتان سلطانز کے کپتان ایشٹن ٹرنر نے کہا کہ پاکستان آکر اچھا لگ رہا ہے، کوشش کریں گے کہ اچھا کھیل پیش کریں۔ ملتان ایک اچھی ٹیم ہے، تمام کھلاڑی اچھے ہیں۔ پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ وہ شائقین کو مس کریں گے، لیکن ٹیم بہترین کرکٹ کھیل کر ٹی وی پر شائقین کے لیے دلچسپ مقابلہ پیش کریگی ۔



