کراچی ( ویب ڈیسک) سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کیلئے ملک کی معیشت سب سے زیادہ اہم ہے، کیونکہ جب معیشت چلتی ہے تو غریب کا چولہا جلتا ہے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں کہا کہ ملک میں شہریوں کو جبری لاپتہ کیا جا رہا ہے، فروری میں کراچی سے 431افراد اٹھائے جانے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ اگر میڈیا سچ دکھائے تو صحافیوں کو ملازمت سے محروم کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پی ٹی آئی ہر ظلم کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی اور عوام کے آئینی حقوق، عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی نے عمران خان کی رہائی کیلئے ملک گیر تحریک کا پشاور میں اعلان کیا ہے، عوام سے اپیل ہے وہ جدوجہد کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت کی پالیسیوں نے زراعت کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا قاسم خان پر الزامات بے بنیاد ہیں، ان کی تقریر سوشل میڈیا پر موجود ہے جس میں کوئی متنازع بات نہیں کی گئی۔
انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف جی ایس پی پلس کے خلاف نہیں بلکہ اس کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس موقع پر حلیم عادل شیخ نے کہا سندھ میں 30ہزار ارب خرچ ہونے کے باوجود کوئی ترقی نہیں ہوئی بلکہ کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔
ملک کی نصف آبادی غربت کی لکیر سے نیچے جاچکی۔ پٹرولیم مصنوعات پر بھاری لیوی ٹیکس لگا کر عوام کو لوٹا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان رہائی موومنٹ کا اعلان ہوچکا ہے، سندھ بھر کی عوام اس تحریک میں شامل ہوگی۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ سندھ کے عوام کی آواز بنے اور حقیقی مسائل کو اجاگر کرے۔



