پاکستانتازہ ترین

لاہور سمیت ملک بھر میں بارش، ژالہ باری، نشیبی علاقے زیرآب: گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خدشہ

لاہور (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شملہ پہاڑی اور اطراف کے علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی جبکہ قذافی اسٹیڈیم، کلمہ چوک، مسلم ٹاؤن، نولکھا، کوٹ لکھپت، فیروز پور روڈ، جوہر ٹاؤن اور گرین ٹاؤن سمیت متعدد علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ بارش کے بعد ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی، جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

دوسری جانب لورالائی کے پہاڑی محلے میں بارشوں کے باعث ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کچے مکان کی دیوار گرنے سے ایک بچی جاں بحق جبکہ دو بچے زخمی ہوگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ اس دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور بالائی خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ پانچ حساس اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 4 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش متوقع ہے۔

ادھر پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور گوجرانوالہ سمیت متعدد اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان سمیت گردونواح میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان اور سلیمان رینج کے برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ بھی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ کراچی میں بھی موسم جزوی ابر آلود اور خوشگوار رہنے کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button