لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج بروز اتوار Easter کا تہوار مذہبی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منا رہی ہے۔
اس موقع پر ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے، جن میں مسیحی برادری کے افراد بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں گرجا گھروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جبکہ عبادات کے دوران ملکی سلامتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی۔
Easter مسیحیوں کا سب سے بڑا مذہبی تہوار ہے، جو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے دوبارہ جی اٹھنے کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔ یہ تہوار چالیس روزہ روزوں کے بعد آتا ہے، جنہیں روحانی پاکیزگی اور عبادت کا خاص دور سمجھا جاتا ہے۔ ایسٹر کو عید پاشکا یا عید قیامت المسیح بھی کہا جاتا ہے۔
عبادات کے دوران محبت، رواداری، برداشت اور بھائی چارے کا پیغام عام کیا جائے گا تاکہ معاشرے میں ہم آہنگی اور امن کو فروغ دیا جا سکے۔ مسیحی رہنما اس موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کی اہمیت پر بھی زور دیں گے۔
سکیورٹی کے حوالے سے لاہور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مسیحی عبادتگاہوں کے لیے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے، جس کے تحت گرجا گھروں کے اندر اور باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
عبادت کے لیے آنے والے افراد کو مکمل چیکنگ کے بعد داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی، جبکہ گرجا گھروں کی طرف آنے والے راستوں پر ناکے بھی قائم کیے گئے ہیں۔ پولیس اور ایلیٹ فورس کے کمانڈوز اطراف میں مسلسل گشت کریں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔



