اسلام آباد(ویب ڈیسک ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمور ہو یا کشمیر، عوام اپنے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔
نواز شریف کے بیان پر بلاول بھٹو کا ردعمل
بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں نواز شریف برا نہ منائیں، کشمیر اور کشمور، میرپور اور میرپور خاص صرف نام ہی نہیں بلکہ اپنے مزاج میں بھی ایک دوسرے سے مماثلت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں کے عوام کسی کو اپنے حقوق پر سیاسی ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
نواز شریف نے کیا کہا تھا؟
یاد رہے کہ چند روز قبل آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا تھا کہ "کشمیر کو کشمور نہ سمجھنا، یہ میرپور ہے، میرپور خاص نہیں”۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ بلاول برخوردار بات کا برا نہ مانیں، سیاسی جماعتوں میں نوک جھونک ہونی چاہیے لیکن لڑائی جھگڑا مناسب نہیں۔
پیپلز پارٹی کا انتخابی دعویٰ
بلاول بھٹو نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں کشمیر اور کشمور کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو مسترد کیا تھا، جبکہ ماضی میں میرپور آزاد کشمیر اور میرپور خاص میں بھی ن لیگ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ آئندہ انتخابات میں بھی عوام اسی فیصلے کو دہرائیں گے۔
27 جولائی کے انتخاب پر بیان
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ میاں صاحب برا نہ منائیں، 27 جولائی کے انتخابات میں کشمیر میں تیر سے شیر کا شکار ہوگا۔



