اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف کی وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آمد پر پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا، جبکہ انہوں نے کابینہ کو خلیجی خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بدھ کے روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملکی اور علاقائی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کی آمد پر کابینہ ارکان نے بھرپور انداز میں استقبال کیا اور ہال تالیوں سے گونج اٹھا، جس پر وزیراعظم نے تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کابینہ کو خلیج میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت مسلسل سفارتی سطح پر کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ جنگ بندی کو یقینی بنایا جا سکے اور خطے میں امن قائم ہو۔
وفاقی کابینہ نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن و جنگ بندی کے لیے کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ مشکل اور کشیدہ حالات میں پاکستان کی قیادت نے اہم کردار ادا کیا۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کے باعث خطہ مستقل امن کی جانب گامزن ہو رہا ہے۔ کابینہ ارکان نے کہا کہ وزیراعظم اور عسکری قیادت نے ناامیدی کی فضا میں فریقین کو جنگ بندی پر آمادہ کرکے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا ہے۔
وزیراعظم اور کابینہ نے قوم سے اپیل کی کہ جمعہ کے روز اللہ کے حضور سجدہ شکر ادا کیا جائے اور جنگ بندی کو مستقل امن میں تبدیل ہونے، ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔
کابینہ ارکان نے پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کو تاریخی قرار دیتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ ملکی معاشی استحکام اور ترقی کے لیے بھرپور محنت جاری رکھی جائے گی۔



