لاہور (ویب ڈیسک): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے عالمی امن کے لیے بے مثال کردار ادا کیا اور اللہ تعالیٰ نے امن کے قیام کے لیے پاکستان کو منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے جنگ بندی میں کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان نے نہایت اہم سفارتی کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ مشکل حالات میں پاکستان نے دنیا کو بڑی تباہی سے بچایا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ تاریخ میں جب بھی اس کشیدہ صورتحال کا ذکر ہوگا تو پاکستان کا کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے، جو کہ ایک بڑا اعزاز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی اور علاقائی سیاست میں پاکستان نے بہترین سفارتی توازن کا مظاہرہ کیا اور دنیا کو حیران کر دیا۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مشترکہ کاوشوں سے دنیا تیسری عالمی جنگ جیسی ممکنہ تباہی سے محفوظ رہی۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کوششوں سے نہ صرف جنگ بندی ممکن ہوئی بلکہ مستقبل میں پائیدار امن کے امکانات بھی روشن ہوئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی سفارتی کاوشیں خطے میں دیرپا استحکام کا باعث بنیں گی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی قدیم تہذیبوں کو بچانے اور اربوں انسانوں کو امن فراہم کرنے میں پاکستان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ، ایران اور اسلامی ممالک کی قیادت بھی مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے امن کے قیام کے لیے مثبت کردار ادا کیا۔
آخر میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دنیا میں امن کی تاریخ میں وزیراعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے نام سنہری حروف میں لکھے جائیں گے۔



