
اسلام آباد ( ویب ڈیسک) پاکستان نے الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ ای او تھری کو کامیابی سے خلا میں بھیج دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے سیٹلائٹ کو چین کے تیان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں بھجوایا۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ مقامی طور پر تیار کییگئے ای او سیٹلائٹ کی لانچنگ ایک اور اہم سنگ میل ہے اور ای او تھری سیٹلائٹ کی لانچنگ پاکستان کے خودانحصاری اور شاندار ٹیکنالوجی کی طرف اہم سفر ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ ای او تھری شہری منصوبہ بندی، قدرتی آفات سے نمٹنے کیلیے جدید تصویری ڈیٹا فراہم کریگا، یہ سیٹلائٹ غذائی اور ماحولیاتی تحفظ کیلیے جدید تصویری ڈیٹا بھی فراہم کریگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ای اوتھری کی کامیابی ایک مربوط ارتھ آبزرویشن سسٹم کی بنیاد رکھے گی، ای او تھری سیٹلائٹ مختلف شعبوں میں قومی ترجیحات کی تکمیل میں مدد دیگا اور پائیدار سماجی و معاشی ترقی میں کردار ادا کریگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تاریخی موقع پر وزیراعظم نے سپارکو کے انجینئرز اور سائنسدانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کو سراہا اور خلائی شعبے میں پاکستان کے دیرینہ دوست چین کے غیر متزلزل تعاون کا بھی اعادہ کیا۔
مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے اس تاریخی کامیابی پر سپارکو کے انجینئرز اور سائنسدانوں کو سراہتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے خلائی شعبے میں چین کے مسلسل تعاون کو بھی سراہا اور اسے دونوں ممالک کی مضبوط دوستی کا مظہر قرار دیا۔



