پاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریں

عمران کی ہدایت،سہیل آفریدی کی اچکزئی،ناصر عباس سے ملاقات،نیا لائحہ عمل تیار؟صحافیوں کیلئے بھی بڑے اعلانات

وزیراعلیٰ کے پی کاصحافی کالونیوں کے قیام،پریس کلبوں کی بہتری کیلئےجامع سکیمیں بنانے،میڈیا پروڈکشن، براڈکاسٹنگ سیٹ اپ کیلئےبلا سود قرضوں کاحکم

پشاور:(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نےعمران خان کی ہدایت پراپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علامہ راجہ ناصر عباس، اسد قیصر، مصطفی نواز کھوکھر، حسین احمد یوسفزئی اور خالد یوسف چوہدری بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران قائد عمران خان کی صحت اور علاج معالجے، قانونی دستاویزات پر دستخط سے روکے جانے اور انصاف تک رسائی میں درپیش رکاوٹوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شرکاء نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ بنیادی قانونی اور انسانی حقوق کی فراہمی میں رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں۔ اجلاس میں آئندہ بجٹ، این ایف سی ایوارڈ، صوبائی حقوق، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات پر بھی تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ صوبوں کے آئینی حقوق کا تحفظ اور منصفانہ وسائل کی تقسیم ناگزیر ہے۔

ملاقات میں قومی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور بجٹ میں عوام کے معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اور مربوط حکمت عملی اختیار کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواسہیل آفریدی کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے مالی سال2026-27سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اطلاعات و تعلقات عامہ، سائنس و ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی، قانون، مائنز و منرلز اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کے نئے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کے لیے مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں صوبے کی مجموعی ترقی، روزگار کے مواقع اور ادارہ جاتی بہتری کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے صحافیوں کی فلاح و خودمختاری کے لیے خصوصی اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا پروڈکشن اور براڈکاسٹنگ سیٹ اپ کے قیام کے لیے بلا سود قرضوں کی فراہمی کی سکیم تیار کی جائے تاکہ نوجوان صحافیوں کو خود روزگاری کے مواقع میسر آئیں اور وہ اپنے پلیٹ فارمز قائم کر سکیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ایسے اقدامات سے صحافی زیادہ بااختیار ہوں گے اور اپنے پیشہ ورانہ فرائض آزادانہ طور پر انجام دے سکیں گے۔

انہوں نے صحافیوں کے لیے میڈیا کالونیوں کے قیام اور ضم اضلاع میں پریس کلبوں کی بہتری کے لیے بھی جامع سکیمیں تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ قانون و انصاف کے شعبے میں بہتری کے لیے وزیر اعلیٰ نے تمام جوڈیشل کمپلیکسز میں ڈے کیئر سینٹرز کے قیام کی ہدایت کی جبکہ پشاور میں جوڈیشل اکیڈمی اور باجوڑ و مانسہرہ میں ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکسز کے قیام کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ انہوں نے ورک پلیس پر ہراسانی کے قانون کو مزید سخت بنانے اور شکایات کے عمل کو مکمل طور پر خفیہ رکھنے کے لیے ضروری ترامیم تجویز کرنے کی ہدایت بھی کی۔ محنت کشوں اور بچوں کے تحفظ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے چائلڈ لیبر کے خاتمے اور متاثرہ بچوں کو تعلیمی دھارے میں شامل کرنے کے لیے موثر سکیمیں تیار کرنے پر زور دیا۔

مائننگ کے شعبے میں ماحولیاتی بہتری کے لیے کان کنی والے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی ہدایت دی گئی جبکہ ضم اضلاع میں مائنز ریسکیو، سیفٹی اور ٹریننگ سنٹرز کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات تجویز کیے گئے۔ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں جدید تقاضوں کے مطابق ڈرون سنٹر آف ایکسیلنس، سائبر سیکیورٹی آپریشن سنٹر اور ضم اضلاع میں ڈیجیٹل سٹی کے قیام کی تجاویز پیش کی گئیں۔ ضم اضلاع کے نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل انٹرنشپ پروگرام اور ٹیکنالوجی انکیوبیشن سنٹرز کے قیام پر غور کیا گیا تاکہ نوجوانوں کو جدید ہنر سکھا کر انہیں باعزت روزگار کے قابل بنایا جا سکے۔

معدنیات کے شعبے کی ترقی کے لیے جیولوجیکل میپنگ، پلیسر گولڈ ایکسپلوریشن اور کریٹیکل منرلز کی نشاندہی کے لیے انٹیگریٹڈ جیو سائنس سروے اور ڈیٹا ریپازیٹری کے قیام کی تجاویز بھی اجلاس میں زیر غور آئیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ان تمام منصوبوں کو عملی شکل دینے کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ صوبے کے قدرتی وسائل کو موثر انداز میں بروئے کار لایا جا سکے اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button