
لاہور ( سلمان حسین) ایچ بی ایل پی ایس ایل 11کے فائنل میچ میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگز مین کو ہرا کر ٹرافی جیت لی۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 11کے فائنل میچ میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگز مین کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پشاور زلمی کے خلاف حیدرآبادکنگزمین کی بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 18اوور میں 129رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے صائم ایوب 54رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، انہوں نے ایونٹ کی پہلی نصف سنچری مکمل کی۔ حیدرآباد کنگز مین کے کپتان مارنوس لبوشین 20رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔
معاذ صداقت نے 11رنز بنائے۔ ان کے علاوہ حسان خان 12 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، عرفان نیازی اور کوشال پریرا نے ایک ایک رنز بنائے،گلین میکسویل صفرپر آئوٹ ہوئے، حنین شاہ 9رنز بنا سکے۔ پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی 27رنز کے عوض 4وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بائولر رہے، ناہید رانا نے 22رنز کے عوض 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں پشاور زلمی نے 130رنز کا ہدف کا 16ویں اوور میں 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی رنز 56ناٹ آئوٹ بنا کر نمایاں رہے۔ عبدالصمد 48رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ دیگر بلے بازوں میں کوشل مینڈس 9، محمد حارث 6، مائیکل بریسویل 4اور کپتان بابر اعظم 0کے انفرادی سکور پر آئوٹ ہوئے۔ کنگز مین کی جانب سے محمد علی نے 3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ حنین شاہ اور عاکف جاوید نے 1، 1وکٹ حاصل کی۔ میچ سے قبل قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل 11کے فائنل سے پہلے سیزن کی اختتامی تقریب ہوئی، جس میں نامور گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
فائنل میچ دیکھنے کے لئے سٹیڈیم میں پی ایس ایل کے فینز کی بہت بڑی تعداد وقت سے پہلے پہنچ گئی تھی۔ سیزن الیون کی رنگا رنگ اختتامی تقریب مین فینز نے گرمجوشی کے ساتھ گلوکاروں کو سنا اور ان کو داد دی۔ اس سیزن کے لئے خاص طور سے گایا گیا آئمہ بیگ، عاطف اسلم اور ان کے ساتھیوں کا گیت ہی اختتامی تقریب کی بھی سنسیشن ثابت ہوا۔
قذافی سٹیڈیم میں فائنل میچ سے قبل شاندار اختتامی تقریب میں شہرہ آفاق پوپ سنگر علی عظمت اور فوک سنگر عارف لوہا نے باری باری اپنا رنگ جمایا۔ صابری سسٹرز نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔ گلوکاروں کی پرفارمنس کے بعد آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ رنگا رنگ اختتامی تقریب کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن رضا نقوی بھی سٹیڈیم میں موجود تھے۔
اختتامی تقریب میں پاکستان کے سب سے بڑے کرکٹر اور آئی سی سی کے سابق سربراہ ظہیر عباس اور ان کے ساتھ وسیم اکرم پی ایس ایل سیزن الیون کی ٹرافی سٹیج پر لے کر آئے۔ اس موقع پر اڑتے ہوئے غبارے کے ساتھ جمناسٹک کے کرتب پیش کئے گئے۔ پی سی بی گورننگ بورڈ کے اراکین اور سابق کرکٹرز بھی تقریب میں شریک ہوئے۔



