اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ ممکن نہیں کہ عوام قربانیاں دیتے رہیں اور اشرافیہ مراعات حاصل کرتی رہے، حکومت نے کفایت شعاری کا آغاز کابینہ اور سرکاری اداروں سے کیا ہے۔
وزیراعظم سے مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والی خواتین ارکان پارلیمنٹ نے ملاقات کی، جس میں بجٹ، ملکی معیشت، خطے کی صورتحال اور عوامی فلاح و بہبود کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے خواتین ارکان پارلیمنٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے جاری بجٹ اجلاس میں ان کی بھرپور شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
بجٹ میں خواتین کیلئے خصوصی اقدامات
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے اپنی استطاعت کے مطابق بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے۔ بجٹ میں خواتین کو بااختیار بنانے اور قومی دھارے میں ان کی شمولیت بڑھانے کیلئے متعدد اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کو ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کیلئے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
امن و استحکام سے معاشی ترقی ممکن ہے
شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے بادل چھٹ گئے ہیں اور امن کے قیام کی کوششیں کامیاب ہوئی ہیں۔ انہوں نے دوست ممالک کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اور علاقائی امن کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کشیدگی کے آغاز سے ہی حکومت پاکستان، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور پوری حکومتی ٹیم نے امن کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ خطے اور دنیا میں دیرپا امن کے بغیر معاشی ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔
عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلئے اقدامات
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ مہینوں میں عالمی مہنگائی کے اثرات سے عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات کیے، جس کے باعث ملک میں کوئی بڑا بحران پیدا نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے متوسط اور کم آمدنی والے طبقات کیلئے تاریخی ریلیف پیکیجز دیے گئے۔
شہباز شریف کے مطابق حکومت نے 128 ارب روپے کی سبسڈی اور وسیع کفایت شعاری مہم کے ذریعے عوامی مشکلات کم کرنے کی کوشش کی۔
مشکل حالات کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا
وزیراعظم نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا گیا ہے، جس سے صنعت کا پہیہ تیز ہوگا اور برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں حکومت کی توجہ آبی ذخائر، آئی ٹی، زراعت اور معدنیات کے شعبوں پر مرکوز رہے گی تاکہ ملکی معیشت کو مضبوط بنیادیں فراہم کی جا سکیں۔
بلاول بھٹو کی وزیراعظم سے ملاقات
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی۔
ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، پاکستان کی عالمی امن کیلئے سفارتی کوششوں، سیاسی امور اور ملکی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلاول بھٹو نے عالمی امن کیلئے پاکستان کی کوششوں پر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم اور بلاول بھٹو نے وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنانے اور قومی اہمیت کے منصوبوں کی کامیاب تکمیل کیلئے قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔



