لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں منصوبے پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ نے تعمیراتی عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔
مریم نواز نے ماس ٹرانزٹ سسٹم میں جدید اور وسیع ایلی ویٹرز نصب کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہر اوپن مقام پر اربن فارسٹ اور سبزہ لگانے کی ہدایت بھی کی۔ حکام کے مطابق 20.5 کلومیٹر طویل فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم میں 21 اسٹیشن قائم کیے جائیں گے جبکہ 11.3 کلومیٹر روٹ اور 11 اسٹیشن ایلی ویٹڈ ہوں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیصل ٹاؤن اور ایئرپورٹ چوک میں منصوبے کے ڈپو قائم کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو جدید اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’’پرامن مستقبل کی تشکیل‘‘ کے عنوان سے عالمی یوم آزادی صحافت پر اپنے پیغام میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ دارانہ آزادی صحافت جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے جبکہ آزاد، خودمختار اور ذمہ دار میڈیا ہی حقیقی صحافتی طاقت کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی قربانیاں قابل تحسین ہیں اور جمہوریت و آزادی صحافت ایک دوسرے سے براہ راست جڑی ہوئی ہیں۔ ان کے بقول صحافت اگر آزاد اور ذمہ دار ہو تو جمہوریت مضبوط ہوتی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ صحافی برادری کے لیے ’’اپنے گھر‘‘ کا خواب پورا کرنے کے لیے حکومت کوشاں ہے اور اہل صحافت کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے فیک نیوز، پروپیگنڈے اور افواہوں کے سدباب کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے تیز رفتار دور میں بھی سچائی کو مقدم رکھنا ضروری ہے۔



