پاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریں

پنجاب اسمبلی:جیلوں میں گنجائش سے 33ہزارزائدقیدی،کلرک کی تنخواہ 20ہزارہونے کا انکشاف

اراکین ،افسران نے اپنی تنخواہیں تو بڑھا لیں، بڑے دکھ کی بات ہے، سپیکر ، معاملہ قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا

لاہور:(بیوروچیف/سید ظہیر نقوی)پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں محکمہ زکوۃ وعشر میں کام کرنے والے ورکرز کو ماہانہ تنخواہ 20ہزار 240روپے ملنے کا انکشاف ہوا ہے جس پر سپیکر نے معاملہ زکو ۃو عشرکی قائمہ کمیٹی کو بھیجتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ،حکومت ایک بار پھر کورم پورا کرنے میں ناکام رہی جس کی وجہ سے اجلاس آج جمعرات دوپہر دوبجے تک ملتوی کر دیاگیا ۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز بھی مقررہ وقت کی بجائے 55منٹ کی تاخیر سے سپیکرملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا ۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری ملک افتخار نے محکمہ زکو ۃوعشر سے متعلقہ سوالوں کے جوابات دئیے ۔اجلاس کے آغاز پر شہید کرنل لیفٹیننٹ خالد حسین کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔

حکومتی رکن امجد علی جاوید نے ایوان میں گفتگو کے دوران انکشاف کیاکہ ایک کلرک کی تنخوا ہ 20ہزار240 روپے ہے، یہ بہت تکلیف دہ ہے ۔سپیکر نے انتہائی دکھ اور حیرانگی کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ یہ اس تنخواہ میں کام کرسکتے ہیں،اراکین اسمبلی نے اپنی تنخواہ بڑھائی ،سیکرٹریز نے تنخواہ بڑھائی۔

پالیمانی سیکرٹری نے کہاکہ یہ لوگ مہینے میں چار دن آتے ہیں۔، سپیکر نے کہا کہ بتایا جائے ان کی نوکری کس قانون کے تحت ہے،رحمت کارڈ خطیر رقم کے ساتھ چلایا جارہا ہے ،2 لاکھ درخواستیں آگئی ہیں۔ اجلاس میں 45 جیلوں میں اسیران کی گنجائش سے زیادہ قیدی رکھنے کا معاملہ بھی سامنے آیا۔حکومتی رکن طاہرہ مشتاق نے انکشاف کیاکہ پنجاب کی جیلوں میں 38 ہزار قیدیوں کی گنجائش مگر 71 ہزار سے زائد اسیران قید ہیں، اڈیالہ جیل میں 2171 قیدیوں کی گنجائش ہے مگر 8ہزار قیدی رکھے گئے ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری خالد رانجھا نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جیلوں میں اسیران کے لئے جگہ کی کمی ہے،نئی جیلیں بن رہی ہے جس سے معاملہ کچھ بہتر ہو جائے گا ۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن رکن شعیب امیر کی جانب سے کورم کی نشاندہی کی گئی تاہم حکومت نے کورم پورا کر لیا اوراجلاس دوبارہ شروع ہوگیا ۔

صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمان نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ایوان کا وقت ضائع کرتی ہے ،کلاز ٹو پر بات کرنی ہوتی ہے یہ کلاز بیس پر بات کرتے ہیں،یہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہے کوئی تحریک انصاف کا جلسہ نہیں ہورہا ،ان سے کہیں رولز کے مطابق بات کیا کریں۔ایوان نے پنجاب انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس(ترمیمی) بل 2026 اورپنجاب انفراسٹر کچر ڈویلپمنٹ سیس بل 2026 منظور کر لیا ۔

اس دوران اپوزیشن رکن میاں اعجاز شفیع کی جانب سے کورم کی نشاندہی کی گئی اور کورم پورا نہ ہونے پر پینل آف دی چیئرپرسن سمیع اﷲ خان پانچ منٹ کے لیے گھنٹیاں بجانے کی ہدایت کی تاہم پھر بھی کورم پورا نہ ہوسکا جس پراجلاس آج بروز جمعرات مورخہ 7مئی دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button