آج سے11مئی تک شدید گرمی ،درجہ حرارت 50ڈگری تک جانے کاامکان
ہیٹ ویو کی وارننگ، احتیاط کی ہدایات،اتوار سے مغربی ہوائوں کا سسٹم داخل ہوگا،13مئی تک بارشوں کی پیش گوئی

اسلام آباد:( ویب ڈیسک )محکمہ موسمیات پاکستان نے ملک کے بیشتر علاقوں میں 7 سے 11 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں درجہ حرارت 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی جہاں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔8 سے 10 مئی کے دوران میدانی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے جس سے حدِ نگاہ اور معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔
ہیٹ ویو کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خاص طور پر بچوں، خواتین اور بزرگوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے کسانوں کو بھی موسمی حالات کے مطابق فصلوں کی مناسب دیکھ بھال کی ہدایت جاری کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 10 مئی کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا سسٹم داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں بالائی علاقوں میں موسم تبدیل ہو سکتا ہے۔ 13 مئی تک ان علاقوں میں بارش اور موسم کی بہتری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران پانی کا زیادہ استعمال کریں اور دھوپ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ صحت کے مسائل سے محفوظ رہا جا سکے۔



