پاکستانتازہ ترین

صرف پنجاب، سندھ ترقی کریں تو وہ پاکستان کی ترقی نہیں،وزیر اعظم شہبازشریف

گلگت بلتستان کیلئے سیف سٹیز، لیپ ٹاپ،یوتھ بزنس و ایگری لون سکیم کا افتتاح

اسلام آباد، گلگت ( ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر پنجاب ترقی کرے گا اور باقی صوبے ترقی نہیں کریں گے تو وہ صرف پنجاب کی ترقی ہے، پاکستان کی ترقی نہیں۔
وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے لیے قابل تجدید توانائی ( سولر بجلی)، سیف سٹیز، لیپ ٹاپ سکیم و یوتھ بزنس و ایگری لون سکیم کا افتتاح اور گلگت بلتستان میں 4دانش سکولز کا سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پنجاب اور سندھ ترقی کریں گے اور بلوچستان اور کے پی ترقی نہیں کریں گے تو یہ صرف دو صوبوں کی ترقی ہے، پاکستان کی ترقی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پاکستان کی ترقی کی اس دوڑ میں شامل نہیں ہوں گے اور برابر کے نہ ہوں تو وہ پاکستان کی ترقی نہیں ہے۔ پنجاب میں بطور وزیر اعلیٰ دانش سکول کی بنیاد رکھی، گلگت بلتستسان میں 4دانش سکول قائم کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے خوبصورت ترین مقامات کا دورہ کرکے خوشی محسوس ہورہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہونہار، قابل اور محنتی بچوں سے ملاقات کیلئے آیا ہوں، بچوں نے شبانہ روز محنت کرکے لیپ ٹاپ حاصل کیے۔ قبل ازیں وزیرِ اعظم ایک روزہ دورہ گلگت بلتستان کیلئے گلگت پہنچے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق گلگت پہنچنے پر گورنر سید مہدی شاہ اور نگران وزیرِ اعلی جسٹس (ر)یار محمد نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔ وزیرِ اعظم کی گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور نگران وزیرِ اعلی گلگت بلتستان جسٹس (ر)یار محمد سے علیحدہ علیحدہ ملاقات ہوئی۔
ملاقاتوں میں گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، صوبائی امن و امان کی صورتحال اور دیگر صوبائی امور پر گفتگو ہوئی۔ دوسری جانب شہباز شریف نے ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ کے عالمی دن 8مئی 2026ء کے موقع پر اپنے پیغام میں دنیا بھر خصوصاً پاکستان میں انسانی خدمت کے جذبے سے وابستہ رضاکاروں، عملے اور شراکت داروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بے لوث خدمات انسانیت کے لیے امید کی روشن مثال ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس سال عالمی یوم ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ ’’ United in Humanity‘‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو انسانیت، ہمدردی اور یکجہتی کی پائیدار طاقت کو اجاگر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں دنیا موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات، صحت عامہ کے مسائل اور سماجی و معاشی ناہمواریوں جیسے پیچیدہ چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، ایسے میں انسانی ہمدردی کی تنظیموں کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان انسانی نوعیت کے مسائل کے حل کے لیے ایک مضبوط، منظم اور جامع نظام کے قیام کے لیے پْرعزم ہے۔ ان کے مطابق ہر قسم کے بحران میں انسانی وقار اور تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ادھر وزیراعظم شہباز شریف اور قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی نے خطے میں پائیدار امن کے لیے سفارتی کوششیں آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کو قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی کا ٹیلیفون موصول ہوا اور دونوں رہنمائوں کے درمیان ہونے والی گرم جوش اور خوش گوار گفتگو کے دوران خطے کی موجودہ صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیان میں بتایا گیا کہ دونوں جانب سے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے 16اپریل کو دوحہ کے اپنے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی اور قطری قیادت کے ساتھ ملاقاتیں خطے میں امن کے فروغ کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے میں نہایت مفید ثابت ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام امیر قطر کے جلد پاکستان کے دورے کے منتظر ہیں اور ان کا یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
قطر کے وزیراعظم نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا اور انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو یقین دلایا کہ قطر مشرق وسطیٰ میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کی قیادت میں جاری سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button