پاکستانتازہ ترین

کرپشن ، اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث پیرا اہلکاروں کو مثال بنا دیا جائے: مریم نواز

لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پیرا فورس میں کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی کارروائیوں میں ملوث اہلکاروں اور افسران کے خلاف سخت ترین کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے عناصر کو “مثال” بنا دیا جائے تاکہ ادارے کی ساکھ متاثر نہ ہو۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے زیر صدارت پیرا فورس کا چوتھا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پیرا کی کارکردگی، ڈسپلن، انفورسمنٹ آپریشنز اور اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں پیرا فورس کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور جدید بنانے کیلئے کئی بڑے فیصلے کیے گئے۔

مریم نواز شریف نے واضح ہدایت کی کہ غیر قانونی کارروائیوں میں ملوث اہلکاروں کو صرف چند روزہ سزا نہیں بلکہ سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیرا فورس کے ہر اہلکار کا مکمل ریکارڈ چیک کیا جائے گا، صاف ریکارڈ رکھنے والے اہلکار بلا خوف اپنی ذمہ داریاں ادا کریں جبکہ بدعنوان عناصر کارروائی کیلئے تیار رہیں۔

وزیراعلیٰ نے پیرا اہلکاروں پر باڈی کیمز نصب کرنے کیلئے 30 جون کی ڈیڈ لائن مقرر کرتے ہوئے سنٹرل 360 ڈیش بورڈ کے ذریعے نگرانی کا نظام فعال بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔ انہوں نے پیرا فورس کے تقریباً 4 ہزار اہلکاروں اور افسران کی سکروٹنی، اندرونی انٹیلی جنس نظام اور وسل بلور سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کا حکم دیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیرا فورس نے ISO سرٹیفکیشن حاصل کرلی ہے جبکہ پیرا فیلڈ فارمیشن کی مجموعی نفری 8 ہزار ہے جن میں سے 4711 نشستوں پر بھرتی مکمل ہوچکی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ بھرتیوں کا عمل پنجاب پبلک سروس کمیشن (PPSC) کے ذریعے مکمل کیا گیا۔

بریفنگ کے مطابق یکم جون سے ایس ڈی او پیرا کی پنجاب ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) ٹریننگ شروع ہوگی جبکہ انفورسمنٹ اور انویسٹی گیشن افسران کو ریسکیو 1122 اور پی ٹی سی چوہنگ میں خصوصی تربیت دی جائے گی۔ جون کے اختتام تک مجموعی طور پر 7 ہزار اہلکاروں کی بھرتی مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں 155 میں سے 133 انفورسمنٹ اسٹیشنز فعال ہوچکے ہیں جبکہ باقی اسٹیشنز بھی جون تک مکمل فعال کردیئے جائیں گے۔ پیرا فورس اس وقت 15 خصوصی اقدامات کے تحت خدمات انجام دے رہی ہے جن میں میرج ہالز کی انسپکشن، پٹرول پمپس کی چیکنگ، مارکیٹ کلوزنگ، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں شامل ہیں۔

بریفنگ کے مطابق ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے خلاف کارروائیوں کے دوران 11 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 2 کروڑ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔ اسی طرح 6557 ذخیرہ اندوز گرفتار کیے گئے جبکہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں 9036 کنال اراضی واگزار کرائی گئی۔ مجموعی طور پر تجاوزات کے خلاف 2 لاکھ 62 ہزار سے زائد چھاپے مارے گئے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پیرا فورس کو مکمل طور پر ایک “ڈیڈی کیٹڈ ریگولیٹری فورس” بنایا جائے جس کا بنیادی مقصد صرف قانون پر عملدرآمد اور عوامی خدمت ہو۔ اجلاس میں کلر کہار یا مری کوٹلی ستیاں میں پیرا فورس کی جدید ٹریننگ اکیڈمی قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی جس پر وزیراعلیٰ نے ایک سال میں اکیڈمی مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔

انہوں نے کہا کہ پیرا فورس کی ساکھ، نظم و ضبط اور عوامی اعتماد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مشکوک شہرت رکھنے والے افسران کو فوری طور پر ان کے اصل محکموں میں واپس بھیجنے کا حکم بھی دیا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پیرا میں ڈسپلن کی خلاف ورزی پر 1356 انکوائریاں شروع کی گئیں، 304 اہلکاروں کو سزائیں دی گئیں جبکہ 7 اہلکاروں کو ملازمت سے فارغ کیا جا رہا ہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ انتظامیہ کو فوری امدادی کارروائیاں تیز کرنے، زخمی طلبہ کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور واقعے کی فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے ڈی جی خان اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا بھی حکم دیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button