فسٹ بال کھیل کا فروغ ،سندھ میں ٹریننگ کیمپ کا انعقاد
نثار احمد اور عبدالمنان سلیم نے نوجوان پلیئرز کو کھیل کے قوانین اور تکنیک سے روشناس کرایا، اورنگزیب سلطان نے انعامات تقسیم کئے
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان فسٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل عبداللہ مغل کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں سندھ فسٹ بال ایسوسی ایشن فسٹ بال کے کھیل کو گراس روٹ لیول سے فروغ دینے کے مشن پر گامزن ہو گئی ۔ اس حوالے سے سندھ فسٹ بال ایسوسی ایشن نے کراچی ڈویژن فسٹ بال ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ضلع کورنگی کے شاہ فیصل ٹائون میں نوجوان نسل کو فسٹ بال کھیل بارے آگاہی دینے کیلئے ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا۔
کیمپ میں شاہ فیصل ٹائون کے اسکول اور کالج کے لڑکوں اور لڑکیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تربیت کیمپ میں شریک نوجوان کھلاڑیوں کو سندھ فسٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نثار احمدنے کھیل کی تاریخ ، بنیادی مہارتوں اور قوانین بارے آگاہ کیا۔

کراچی ڈویژن فسٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری عبدالمنان سلیم نے کیمپ میں شریک پلیئرز کو کھیل کے اصولوں اور تکنیک سے روشناس کرایا۔فسٹ بال کھیل کے آگاہی اور ٹریننگ کیمپ میں ناصر اقبال ، اورنگزیب سلطان سمیت دیگر معزز مہمان بھی شریک تھے ۔کیمپ میں شریک نوجوان پلیئرز کو کھیل کی بنیادی باتوں بارے آگاہی دینے کے بعد تربیت بھی دی گئی۔ کھلاڑیوں کو فسٹ بال کھیل کے قوانین، فٹنس ڈرلزاور ٹیم ورک بارے عملی مشق کرائی گئی بعد ازاں ایک نمائشی میچ بھی منعقد کیا گیا۔
فاتح ٹیم کو وننگ ٹرافی بھی دی گئی،مہمان خصوصی انٹرنیشنل ایتھلیٹ اورنگزیب سلطان ، نثار احمد، عبدالمنان سلیم اور ناصر اقبال نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔مہمان خصوصی انٹرنیشنل ایتھلیٹ اورنگزیب سلطان نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیل کے فروغ کیلئے ایسے آگاہی اور ٹریننگ کیمپ کے انعقاد کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ شاہ فیصل ٹائون سمیت کراچی کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، بس انہیں صحیح پلیٹ فارم اور رہنمائی کی ضرورت ہے، یہی کھلاڑی مستقبل میں پاکستان فسٹ بال ٹیم میں شامل ہو کر عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔



