پاکستانتازہ ترین

پیٹرولیم مصنوعات کی یومیہ قیمتوں کے فیصلے پر سیاسی جماعتوں کی شدید تنقید، حکومت کو نااہل قرار

اسلام آباد(ویب ڈیسک) حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا یومیہ بنیاد پر تعین کرنے کے فیصلے پر سیاسی جماعتوں نے سخت ردعمل دیتے ہوئے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا اور عام شہری کی مشکلات بڑھ جائیں گی۔

اوگرا روزانہ قیمتوں کا تعین کرے گی

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا اختیار اوگرا کے سپرد کر دیا ہے، جو اب عالمی منڈی کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر نئی قیمتیں جاری کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد قیمتوں کے تعین کو عالمی مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ سے ہم آہنگ بنانا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کی شدید تنقید

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ روزانہ قیمتوں کا تعین دراصل عوام پر روزانہ مہنگائی مسلط کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر حکومت عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے تو پٹرولیم مصنوعات پر عائد تقریباً 120 روپے کے ٹیکسز اور لیوی ختم کیوں نہیں کرتی۔ ان کے بقول لیوی کا عالمی تیل کی قیمتوں سے کوئی تعلق نہیں، اس کے باوجود حکومت عوام سے اضافی وصولیاں کر رہی ہے۔

حسن مرتضیٰ کا حکومت پر سخت حملہ

پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکریٹری حسن مرتضیٰ نے بھی فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ روزانہ قیمتوں کا نظام صرف پٹرول اور ڈیزل تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس کے اثرات زراعت، صنعت، ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے عام آدمی کا گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہوگا، جبکہ بے روزگاری اور معاشی بے یقینی میں مزید اضافہ ہوگا۔

عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ

حسن مرتضیٰ نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے اسمبلیوں اور ارکان اسمبلی کی مراعات میں کمی کرے تاکہ قومی وسائل سے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button