پاکستانتازہ ترین

مردم شماری، ووٹر لسٹیں اور شناختی نظام نادرا کے تحت ہونا چاہیے: حافظ نعیم الرحمان

کراچی(ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا ہے کہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے مردم شماری، ووٹر لسٹوں اور شناختی نظام کی ذمہ داریاں ایک ہی ادارے، یعنی نادرا کے سپرد کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف اداروں میں یہ ذمہ داریاں تقسیم ہونے سے شفافیت متاثر ہوتی ہے اور دھاندلی کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔

شاہ فیصل کالونی نمبر 2، شاہ فیصل ٹاؤن میں تزئین و آرائش کے بعد نادرا رجسٹریشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کی آبادی ساڑھے تین کروڑ سے زائد ہے، اس لیے شہر کے ہر ٹاؤن میں نادرا کا میگا سینٹر قائم کیا جانا چاہیے تاکہ شہریوں کو بروقت اور باعزت خدمات فراہم کی جا سکیں۔

کراچی کی اصل آبادی تسلیم کی جائے

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کے ساتھ مردم شماری میں ناانصافی کی گئی ہے۔ ان کے مطابق بجلی، گیس اور دیگر سرکاری اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ شہر کی آبادی ساڑھے تین کروڑ سے کم نہیں، لہٰذا کراچی کی اصل آبادی کو تسلیم کرتے ہوئے وسائل کی منصفانہ تقسیم کی جائے۔

شناختی نظام ایک ادارے کے تحت لانے کی تجویز

انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ، مردم شماری اور ووٹر لسٹوں کا نظام الگ الگ اداروں کے بجائے نادرا کے تحت ہونا چاہیے تاکہ ڈیٹا میں تضادات ختم ہوں اور انتخابی و انتظامی امور میں شفافیت کو فروغ ملے۔

نادرا میں بہتری آئی، مگر مسائل اب بھی موجود ہیں

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تقریباً سات سال قبل نادرا دفاتر میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، شناختی کارڈ بلاک کیے جا رہے تھے اور عوام کو طویل قطاروں میں انتظار کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں ہزاروں شہریوں کے مسائل حل ہوئے اور نادرا کی کارکردگی میں بہتری آئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہجرت کرکے پاکستان آنے والے افراد اور 1970ء کے بعد آنے والے بنگالی شہریوں کے مسائل اب بھی مکمل طور پر حل نہیں ہو سکے، جنہیں قانون اور انصاف کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔

نادرا میں نئے عملے کی بھرتی

اس موقع پر نادرا حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ شاہ فیصل کالونی رجسٹریشن سینٹر میں پہلے صرف تین کاؤنٹر تھے، جن کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اب روزانہ تقریباً 250 سے 300 شہری خدمات حاصل کر سکیں گے۔

مزید بتایا گیا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران نادرا میں 600 نئے ملازمین بھرتی کیے گئے ہیں، جس کے بعد ایک شہری کا رجسٹریشن یا دیگر متعلقہ عمل اوسطاً 7 سے 8 منٹ میں مکمل ہو رہا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button