پاکستانتازہ ترین

سانحہ کاہنہ کے شہید بچوں کی یاد میں ’’اپنی چھت، محفوظ چھت‘‘ پراجیکٹ کا آغاز، ڈیجیٹل پورٹل لانچ

لاہور (سلمان حسین) — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سانحہ کاہنہ میں جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کی یاد میں ’’اپنی چھت، محفوظ چھت‘‘ پراجیکٹ کے ڈیجیٹل پورٹل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گھر صرف اینٹ اور پتھر کا ڈھانچہ نہیں بلکہ تحفظ، سکون اور اعتماد کی علامت ہوتا ہے، اسی مقصد کے تحت پنجاب بھر کے شہریوں کو محفوظ رہائش فراہم کرنے کے لیے یہ منفرد منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ڈیجیٹل پورٹل کی لانچنگ کے موقع پر منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم، صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین، سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل اور دیگر متعلقہ حکام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے قرض کی ماہانہ قسط کو 14 ہزار روپے سے کم کر کے تقریباً 4,700 سے 9,300 روپے مقرر کیا ہے تاکہ کم آمدنی والے افراد بھی آسانی سے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

’’اپنی چھت، محفوظ چھت‘‘ اسکیم کے تحت کیا سہولت ملے گی؟

اس منصوبے کے تحت پنجاب کے شہری اپنے گھروں کی خستہ حال اور کمزور چھتوں کی مرمت، مضبوطی اور تعمیر کے لیے 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض حاصل کر سکیں گے، جبکہ اضافی کمرہ یا دوسری منزل تعمیر کرنے کے لیے 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ 5 لاکھ روپے کے قرض کی واپسی تقریباً 4,700 روپے ماہانہ اقساط کے ذریعے 9 سال میں کی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ قرض کی منظوری کے بعد 3 ماہ کا گریس پیریڈ بھی دیا جائے گا، جبکہ قسطوں کی ادائیگی چوتھے ماہ سے شروع ہوگی۔

درخواست کہاں اور کیسے دی جا سکتی ہے؟

حکومت پنجاب کے مطابق شہری acag.punjab.gov.pk پر آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ درخواست درج ذیل مقامات سے بھی دی جا سکتی ہے:

  • ڈپٹی کمشنر آفس
  • اسسٹنٹ کمشنر آفس
  • پھاٹا (PHATA) دفاتر

مزید معلومات کے لیے ہیلپ لائن 0800-09100 بھی جاری کر دی گئی ہے۔

’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے کی پیش رفت

تقریب کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت اب تک 173,158 بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں جن کی مجموعی مالیت 224 ارب 457 ملین روپے سے زائد ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے کے باعث ہزاروں خاندان کرائے کے گھروں سے نکل کر اپنی چھت کے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، جبکہ اب ’’اپنی چھت، محفوظ چھت‘‘ پروگرام کے ذریعے عوام کو محفوظ رہائش فراہم کی جائے گی۔

سانحہ کاہنہ کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ آبدیدہ

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ کاہنہ میں زیر تعمیر عمارت کی چھت گرنے سے 14 معصوم بچوں کی جانیں ضائع ہونا انتہائی دلخراش سانحہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس حادثے کے بعد وہ پوری رات سو نہ سکیں اور متاثرہ والدین، خصوصاً ماؤں کے دکھ کو محسوس کیا۔ ان کے مطابق کسی بھی گھر کی چھت اگر تحفظ کے بجائے موت کا سبب بن جائے تو اس سے بڑا المیہ کوئی نہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت اس منصوبے کے ذریعے عوام کو ایسے حادثات سے محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

آسان شرائط، کوئی اضافی فیس نہیں

مریم نواز نے اعلان کیا کہ اس اسکیم کے تحت پروسیسنگ فیس اور دیگر سرکاری اخراجات حکومت پنجاب خود برداشت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ طویل اور پیچیدہ طریقہ کار ختم کر دیا گیا ہے اور پنجاب کا ہر اہل شہری صرف اپنے شناختی کارڈ (CNIC) کی بنیاد پر درخواست دے سکے گا۔

’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ پروگرام سے بھی فائدہ

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ منصوبے کے تحت دو ہزار پلاٹس کی الاٹمنٹ مکمل ہو چکی ہے، جبکہ ان الاٹیز کو بھی 15 لاکھ روپے تک بلاسود قرض حاصل کرنے کی سہولت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘، ’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ اور ’’اپنی چھت، محفوظ چھت‘‘ تینوں منصوبے عوام کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے متعارف کرائے گئے ہیں۔

مظفرگڑھ میں ’’سانجھی سبزی‘‘ منصوبے کا آغاز

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلع مظفرگڑھ میں عوام کو مفت موسمی سبزیاں فراہم کرنے کے لیے ’’سانجھی سبزی‘‘ منصوبہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت شہری اور دیہی علاقوں میں سرکاری اراضی اور سرکاری عمارتوں کے ساتھ موجود خالی زمین پر سبزیوں کی کاشت کی جا رہی ہے۔

ابتدائی مرحلے میں 139 کنال اراضی پر 140 پلاٹس میں مختلف موسمی سبزیاں اگائی جا رہی ہیں، جہاں سے مستحق افراد اپنی ضرورت کے مطابق مفت سبزیاں حاصل کر سکیں گے۔

وزیراعلیٰ کی ڈی سی مظفرگڑھ کی کارکردگی کو سراہنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کو عوامی فلاح کا قابل تقلید ماڈل قرار دیتے ہوئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی اسی طرز کے منصوبے شروع کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ محمد عثمان طاہر جپہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں چیف منسٹر میرٹ بیج اور ایک لاکھ روپے نقد انعام بھی دیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button